ریاستی نظام بچانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے فیصل راٹھور
مظفر آباد (محاسب نیوز‘پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کو قومی ترجیح بنانا ہمارا مشن ہے۔ ٹیکنالوجی کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ حکومت ایک انویسٹمنٹ کانفرنس کے انعقاد کی تیاری کر رہی ہے جس میں سیاحت، انڈسٹری اور آئی ٹی کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ان شعبوں میں انویسٹمنٹ لا کر نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔ دنیا انہی لوگوں کو یاد رکھتی ہے جو اپنے بل بوتے پر محنت اور لگن سے کام کرکے اپنا نام پیدا کرتی ہے، موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق چلنا وقت کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ کی ذات پر کامل یقین ہے کہ آزاد کشمیر میں بہتری آئے گی۔ کسی بھی معاشرے میں برق رفتار تبدیلی کے لیے نوجوان مضبوط ستون ہوتے ہیں۔ قوموں کی تقدیر نوجوانوں کی محنت، صلاحیت وژن کی بدولت بدلتی ہے۔ آزاد کشمیر کے نوجوان اگر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تو آئی ٹی کے شعبے میں عالمی سطح پر اپنا مقام بنا سکتے ہیں۔ یہاں آ کر خوشی ہوئی اور نوجوانوں کی کامیابیاں دیکھ کر دلی مسرت ہوئی۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے محکمہ آئی ٹی کے زیر اہتمام آئی ٹی ایکسیلنس سینٹر اینڈ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے نام سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں سیکرٹری آئی ٹی و اطلاعات محمد راشد حنیف، سیکرٹری اسکولز قاضی عنایت، سینئر صحافی سہیل وڑائچ، ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر، ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد، ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا، پریس سیکرٹری آصف راٹھور، سی ای او سفائر پروڈکشن خرم غوری سمیت سینئر صحافی صاحبان، طلبہ و طالبات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی و اطلاعات محمد راشد حنیف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کروایا، وزیراعظم آزاد کشمیر کو تربیت کے لیے بنائے کے کلاس رومز اور دستیاب ٹیکنالوجی بارے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں میں بھرپور صلاحیتیں موجود ہیں، فقط ضرورت محنت اور درست سمت میں رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عرصے میں ایک انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت نے آئی ٹی کی ترقی کا آغاز کر دیا ہے، ان شاء اللہ آزاد کشمیر کو ایک ماڈل آئی ٹی ریجن بنانے کی کوشش کی جائے گی، اس کے لیے آئی ٹی ایکسیلنس سنٹر اور آئی ٹی پارک کا دائرہ کار تمام اضلاع کی سطح پر پھیلایا جا رہا ہے،جیسا کہ دنیا بھر کے ممالک میں کامیاب آئی ٹی ماڈلز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھوڑی سی توجہ اور درست اقدامات سے بہتری ممکن ہے۔ حکومت اس حوالے سے عملی اقدامات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو وقت کے بدلتے دھاروں کے مطابق خود کو بدلتی ہیں۔ ڈیجیٹل ایجوکیشن کی بدولت برق رفتار ترقی کا حصہ بنا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان جدت کو اپنائیں اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے ذریعے ریاست کی ترقی میں کردار ادا کریں۔سیکرٹری آئی ٹی و اطلاعات راشد حنیف قریشی نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کو اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔ حکومت کی ترجیح ڈیجیٹل اسکلز کو فروغ دے کر نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ آئی ٹی بورڈ نے راولاکوٹ کے بعد مظفرآباد میں بھی نوجوانوں کی ڈیجیٹل اسکلز کو فروغ دینے کے لیے ڈیجیٹل سکلز کی تربیت کا آغاز کیا ہے، جس کے باعث نوجوان اسکلز حاصل کر کے آن لائن مارکیٹ میں اپنا نام بنا رہے ہیں۔سیکرٹری آئی ٹی و اطلاعات محمد راشد حنیف نے مہمانان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ روایتی تعلیم میں تبدیلی آ چکی ہے، ٹیکنالوجی کو اپنایا اور فوقیت دینا وقت کی ضرورت ہے۔ٹیکنالوجی بیک وقت چیلنج اور ایک موقع ہے، چیلنج کے اس دور میں وہی قومیں ترقی کریں گی جو ٹیکنالوجی کے استعمال سے فائدہ اٹھائیں گی، ڈیجیٹل سسٹم نے روایتی خامیوں کا خاتمہ کیا ہے۔ ہم نے اس کا آغاز راولاکوٹ سے کیا، ڈیجیٹل اسکلز اور سافٹ اسکلز کے فروغ کے لیے آئی ٹی کا جال بچھایا گیا ہے۔ آئی ٹی کے اہم کورسز میں سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، آرٹیفیشل ٹیکنالوجی اور سائبر سیکیورٹی کے کورسز،ویب ڈویلپمنٹ اور مشین لرننگ ماڈلز کے کورسز کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ ڈیجیٹل مارکیٹ میں اسکوپ بڑھایا جا سکے۔سی ای او سفائر پروڈکشن مسٹر خرم غوری نے بھی آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے جاری آپریشنز کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں آئی ٹی ایکسیلنس سنٹر راولاکوٹ کے ایک ایک فارغ التحصیل طالب علم نے اپنی کامیابیوں کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا کہ کس طرح اس نے اس شارٹ کورس کی بدولت مختصر عرصے میں خاطر خواہ رقم کمائی ہے جس پر شرکاء نے اس طالب علم کو بھرپور تحسین پیش کیا اور اسے آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے لیے روڈ ماڈل کہا گیا، تقریب کے اختتام پر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور سیکرٹری آئی ٹی و اطلاعات راشد حنیف نے آئی ٹی بورڈ کے زیر اہتمام ڈیجیٹل اسکلز سیکھنے کے بعد ان اسکلز کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں نمایاں کارکردگی اور بہترین آمدن حاصل کرنے والوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔



