گلگت بلتستان

حکومت ہر جائز مطالبے پر غور کر رہی ہے،شمس الحق لون

صوبائی وزراء، سینئر منسٹرز اور سیکریٹری فنانس پر مشتمل کمیٹی تشکیل شدہ ہے، جس کی میٹنگ عنقریب منعقد ہوگی

گلگت(محاسب نیوز)صوبائی وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون نے گلگت میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوست پورٹ پر جاری احتجاج کے حوالے سے حکومت سنجیدگی کے ساتھ تمام معاملات کو دیکھ رہی ہے اور پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ تاہم چند مخصوص گروہ پورٹ کے نظام کو یرغمال بناکر ریاست مخالف بیانیہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت ہر جائز مطالبے پر غور کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے صوبائی وزراء، سینئر منسٹرز اور سیکریٹری فنانس پر مشتمل کمیٹی تشکیل شدہ ہے، جس کی میٹنگ عنقریب منعقد ہوگی۔ کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز اور بارڈر کے ذمہ دار اداروں کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کرے گی اور چارٹر آف ڈیمانڈ وفاقی حکومت سے شیئر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس مسئلے کو جمہوری اور قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے حل کرنے کی پوری کوشش کرے گی تاکہ مقامی تاجروں کو سہولت میسر آئے اور تجارتی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوست پورٹ گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے اس کی فعالیت اور شفافیت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کوئی بھی گروہ یا مافیا پورٹ کو ہائی جیک نہیں کر سکتا اور نہ ہی حکومت اس کی اجازت دے گی۔ ٹریڈ کا عمل مکمل طور پر قانونی فریم ورک کے تحت شفاف انداز میں جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست اور حکومت اداروں کے خلاف بیانیے کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی، تاہم عوام کے جائز اور قانونی مطالبات کے حل کے لیے حکومت ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہے اور پرامن طریقے سے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔

Related Articles

Back to top button