گلگت بلتستان

وائس چانسلرKIU کے ہمراہ وفد کی قاضی نثار احمد کی عیادت، حملے کی مذمت

مولانا قاضی نثار احمد نے ہمیشہ بین المسالک ہم آہنگی اور سماجی استحکام کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ

گلگت (پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطااللہ شاہ کی قیادت میں جامعہ قراقرم کے وفد نے امیر اہل سنت والجماعت مولاناقاضی نثار احمد سے ہسپتال میں ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق وفد نے حالیہ افسوسناک فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے امن اور بھائی چارے کے قیام کے لیے مولانا قاضی نثار احمد کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وائس چانسلر نے کہا کہ مولانا قاضی نثار احمد نے ہمیشہ بین المسالک ہم آہنگی اور سماجی استحکام کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔خصوصاً ان مشکل اوقات میں جب گلگت شہر کو اختلافات اور کشیدگی کا سامنا تھا۔وائس چانسلر نے کہاکہ مولاناقاضی نثار احمد اعتدال، مفاہمت اور امن کی آواز ہیں۔ ان کا حوصلہ اور عزم ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے کہ ہم مسلکی اختلافات سے بالا تر ہو کر ایک متحد اور ترقی یافتہ گلگت بلتستان کے لیے کام کریں۔انہوں نے شہریوں، علمائے کرام اور بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تشدد، نفرت اور غلط معلومات سے اجتناب کریں کیونکہ امن ہی ترقی اور تعلیم کی بنیاد ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ کے آئی یو معاشرتی ہم آہنگی، مکالمے اور برداشت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔وفد نے آخر میں مولاناقاضی نثار احمد کی جلد صحت یابی اور گلگت شہر میں پائیدار امن کے لیے دعا کی۔جبکہ عیادت کے آخر میں مولانا قاضی نثار احمد نے وائس چانسلر جامعہ قراقرم اور وفد کا شکریہ ادا کیا اور امن کے قیام کے لیے وائس چانسلر کے کردار کی تعریف کی۔

Related Articles

Back to top button