اَستور اسٹوڈنٹ فیڈریشن KIU سیکشن کے زیرِ اہتمام الوداعی و استقبالیہ تقریب
اَستور اسٹوڈنٹ فیڈریشن ہمیشہ طلبہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، متعلق ہر مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گی،ملک ضیاء

گلگت(ضیاء اللہ لون سے)اَستور اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام الوداعی اور استقبالیہ تقریب نہایت شاندار انداز میں منعقد کی گئی۔ یہ تقریب صبح 10 بجے باقاعدہ طور پر شروع ہوئی اور دوپہر 1 بجے اختتام کو پہنچی۔ اس موقع پر اَستور کے طلبہ کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مختلف موضوعات پر مقررین نے پُراثر اور معلوماتی تقاریر پیش کیں۔طلبا نے ان تقاریر سے نہ صرف علم حاصل کیا بلکہ موجودہ تعلیمی و سماجی تناظر میں درپیش چیلنجز سے بھی آگاہی حاصل کی۔چیئرمین اَستور اسٹوڈنٹ فیڈریشن، جناب ملک ضیاء صاحب نے اپنے پُرجوش خطاب میں طلبہ کے تعلیمی مسائل اور اُن کے حل پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اَستور اسٹوڈنٹ فیڈریشن ہمیشہ طلبہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور تعلیم سے متعلق ہر مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گی۔تقریب کے اختتام پرصدر جناب واحد ملک کی زیر صدارت ایک مختصر اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں تنظیم کی نئی کابینہ کی تشکیل کے سلسلے میں سالانہ اجلاس کی تاریخ مقرر کر دی گئی۔ یہ فیصلہ تنظیم کی مستقبل کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور منظم بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔




