ریشیاں و کٹھہ میں موبائل سروس کی عدم فراہمی پر عوام علاقہ سرپااحتجاج

مظفرآباد (محاسب نیوز)پاک سرزمین ریشیاں کٹھہ ینگ جنریشن کمیٹی نے یونین کونسل لمنیاں کے نواحی علاقے ریشیاں و کٹھہ میں موبائل سروس کی عدم فراہمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورِ جدید میں یہ محرومی عوام اور سیاحوں دونوں کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔کپاک سرزمین ریشیاں کٹھہ ینگ جنریشن کمیٹیکے رہنماؤں محمد منیر اعوان، مسعود احمد مغل، ظہراحمد مغل، صدیق الرحمان مغل،محمد ممتاز مصطفائی، عبید ارشاد خان مغل، محمد وجیہہ الحسن چغتائی، فہد اقبال چغتائی، سعد چغتائی و دیگر نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ریشیاں اور کٹھہ آزادکشمیر کے اہم سیاحتی مقامات ہیں۔ موبائل سروس نہ ہونے سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ کسی بھی ایمرجنسی میں شہریوں کا بروقت رابطہ ممکن نہیں رہتا جس سے قیمتی جانیں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔پاک سرزمین ریشیاں کٹھہ ینگ جنریشن کمیٹیکے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت ایک طرف سیاحت کو فروغ دینے کے دعوے کر رہی ہے اور دوسری طرف سیاحتی خطے کے باسی موبائل سروس جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں، جو سراسر ناانصافی ہے۔پاک سرزمین ریشیاں کٹھہ ینگ جنریشن کمیٹی نے صدرریاست، وزیراعظم اور چیف سیکرٹری آزادکشمیر سمیت تمام متعلقہ حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور ریشیاں و کٹھہ کے عوام کو اس بنیادی سہولت سے محرومی سے نجات دلائیں۔رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر موبائل سروس کی فراہمی کو یقینی نہ بنایا تو عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے اور اپنے حق کے لیے پرامن احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ موبائل سروس کا مطالبہ کوئی عیاشی نہیں بلکہ آج کے دور کی بنیادی ضرورت ہے، اور اس حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔