گلگت بلتستان

جنوبی وزیر ستان کے شہیدوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی،وزیر اعلیٰ

ہماری فورسز مادر وطن کے دفاع کیلئے مکمل طور پر مستعد اور ہر چیلنج کا جرات مندی سے سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔وزیر اعلیٰ

گلگت(محاسب نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے جنوبی وزیرستان میں وطن کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے 12 جری سپوتوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہادر جوان ہمارے قومی ہیرو ہیں جنہوں نے امن و استحکام کی خاطر اپنی قیمتی جانیں قربان کر کے تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں رقم کر دیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس عظیم قربانی پر فخر محسوس کرتی ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں شہدا کے خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں کے دوران 35 بھارتی سرپرستی میں سرگرم شدت پسندوں کا انجام ان کی مکروہ سازشوں کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں اس امر کی غماز ہیں کہ ہماری فورسز مادر وطن کے دفاع کے لیے مکمل طور پر مستعد اور ہر چیلنج کا جرات مندی سے سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ شہیدوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہل خانہ کو صبر عطا کرے، اور وطن عزیز کو دہشت گردی کے ناسور سے ہمیشہ کے لیے پاک کرے۔

Related Articles

Back to top button