ڈپٹی کمشنر سکردو کا اسسٹنٹ کمشنر سکردو کے ہمراہ ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سکردو کا دورہ
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ اور استقبالیہ کاؤنٹر کا معائنہ کیا اور وہاں موجود ڈاکٹرز و عملے کی حاضری اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔

سکردو(پ،ر)ڈپٹی کمشنر سکردو حمزہ مراد نے اسسٹنٹ کمشنر سکردو کے ہمراہ ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سکردو کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ اور استقبالیہ کاؤنٹر کا معائنہ کیا اور وہاں موجود ڈاکٹرز و عملے کی حاضری اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ عوام اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ چاروں اضلاع کے مریضوں کا بوجھ ہونے کے باوجود ہسپتال میں او پی ڈی، آپریشنز، لیبارٹری ٹیسٹ اور دیگر طبی سہولیات روزانہ کی بنیاد پر فراہم کی جا رہی ہیں۔اور زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ادویات ہسپتال سے ہی فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ادویات کے سٹور کا بھی معائنہ کیا جہاں ایم ایس اور سٹور انچارج نے ہسپتال میں موجود ادویات کی سٹاک اور ان کی روزانہ کی بنیاد پر مختلف شعبہ جات کو ادویات کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایات دیں کہ مریضوں کو زیادہ سے زیادہ ادویات ہسپتال سے فراہم کی جائیں۔ایمرجنسی نوعیت کے کیسز کا علاج فوری اور ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔دور دراز سے آنے والے مریضوں کی تشخیص اور علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر سکردو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔