گلگت بلتستان

سرینا ہوٹل کے ریٹائرڈ ملازمین کو ای او بی آئی کی پنشن اسکیم کے تحت دستاویزات کی فراہمی کے سلسلے میں تقریب

ای او بی آئی حکومت کا ایک معاون ادارہ ہے جو آئین پاکستان کے تحت پرائیویٹ اداروں کے ملازمین کے تحفظ اور سہولتوں کی فراہمی کیلئے کام کرتا ہے،عبدالواجد

گلگت (نامہ نگار) گلگت سرینا ہوٹل کے ریٹائرڈ ملازمین کو ای او بی آئی کی پنشن اسکیم کے تحت دستاویزات کی فراہمی کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں سرینا ہوٹل میں طویل عرصہ خدمات سرانجام دینے کے بعد ریٹائر ہونے والے عبد الکریم، امان اللہ خان اور کریم خان کو ای او بی آئی کی جانب سے پنشن کے دستاویزات فراہم کیے گئے، جس کے بعد وہ باقاعدہ طور پر ماہانہ پنشن وصول کریں گے۔تقریب میں ریجنل ہیڈ ای او بی آئی عبد الواجد، گلگت سرینا ہوٹل کے جنرل منیجر اصغر خان، دونوں اداروں کے ذمہ داران اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریجنل ہیڈ ای او بی آئی عبد الواجد نے کہا کہ ای او بی آئی حکومت کا ایک معاون ادارہ ہے جو آئین پاکستان کے تحت پرائیویٹ اداروں کے ملازمین کے تحفظ اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے کام کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں یہ ادارہ 1980 کی دہائی سے موجود ہے اور 2001 سے باقاعدہ ریجنل آفس کے ذریعے خدمات فراہم کر رہا ہے، جس کے ساتھ اس وقت تقریباً پانچ سو اداروں کے تین ہزار سے زائد ملازمین رجسٹرڈ ہیں۔ای او بی آئی پرائیویٹ اداروں کے ملازمین کو پوسٹ ریٹائرمنٹ مراعات فراہم کرتا ہے جن میں عمر کی مقررہ حد پوری کرنے والے ملازمین کو پنشن اور حادثات کی صورت میں ورثا کو مالی معاونت شامل ہے۔ عبد الواجد نے مزید کہا کہ سرینا ہوٹل ای او بی آئی کا ایک پرانا اور مستقل کسٹمر ہے، جس کے تحت اب تک چالیس سے زائد ریٹائرڈ ملازمین پنشن وصول کر رہے ہیں، جو ان کے لیے ایک بڑا سہارا ہے۔ انہوں نے دیگر پرائیویٹ اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ملازمین کے بہتر مستقبل کے لیے ای او بی آئی میں رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیجر سرینا ہوٹل اصغر خان نے کہا کہ ای او بی آئی ملک کے غریب اور متوسط طبقے کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، جو پرائیویٹ اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی شکل میں اہم مالی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینا ہوٹل ہمیشہ اپنے ملازمین کے تحفظ اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوشاں رہا ہے، اور ای او بی آئی کی رجسٹریشن کے باعث آج درجنوں ریٹائرڈ ملازمین اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button