حکومت کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیگی،چوہدری انوار

اسلام آباد (پی آئی ڈی)آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین،موسٹ سینئر وزیر کرنل(ر) وقار احمد نور،ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور،سردار محمد حسین،نثار انصر ابدالی،چوہدری یاسر سلطان،چوہدری محمد رشید،سردار عامر الطاف،چوہدری ارشد،چوہدری اظہر صادق،سردار جاوید ایوب،میاں عبدالوحید،چوہدری قاسم مجید،جاوید اقبال بڈھانوی،دیوان علی خان چغتائی، ظفراقبال ملک ،راجہ محمد صدیق،عاصم شریف بٹ،احمد رضا قادری،اکمل حسین سرگالہ،محترمہ تقدیس گیلانی،مشیر حکومت محترمہ نبیلہ ایوب نے شرکت کی۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال،مجموعی سیاسی صورتحال اور آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بیس کیمپ کے طور پر ہماری حکومت کی اولین ترجیح مسئلہ کشمیر ہے،حکومت نے اس سلسلے میں سپیکر قانون ساز اسمبلی کی سربراہی میں کشمیر کمیٹی قائم کر رکھی ہے جو فعال کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیگی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور آزادانہ نقل و حمل کے ان کی بنیادی حق کو یقینی بنایا جائے گا اس حوالے سے کسی قسم کے جبر یا دھونس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے اجلاس کو یقین دلایا کہ آئین و قانون سے ماورا کوئی بات قبول نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل پوری رفتار سے جاری رہے گا ان شاء اللہ آزادکشمیر کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔ پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور پر وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔