حبیب میٹرو بنک میں 60لاکھ جعلی پے آرڈر بنانے کی کوشش ناکام‘گروہ گرفتار

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی)حبیب میٹرو بینک میں 60 لاکھ کا جعلی پے آرڈر پاس کروانے کی کوشش ناکام، بین الاقوامی فراڈی گروہ گرفتار،سول سوسائٹی سمیت عوامی حلقوں کی جانب سے چوکی پولیس کے جلال آباد،کوہالہ اور حبیب میٹرو بینک کے سٹاف کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش،مظفرآباد کے علاقے دومیل، گھڑی پن میں واقع حبیب میٹرو بینک کی برانچ میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک بین الاقوامی فراڈی گروہ کی جانب سے 60 لاکھ روپے کا جعلی پے آرڈر پاس کروانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔تفصیلات کے مطابق یہ گروہ پاکستان کے مختلف تھانوں میں مطلوب تھا اور مظفرآباد آ کر روپوش ہو گیا تھا۔ بینک کے افسر خواجہ فیضان وار نے مشکوک پے آرڈر پر بروقت کنفرمیشن حاصل کی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس نوسربازی کو ناکام بنا دیا۔کارروائی کے دوران ایک جعلساز کو بینک کے اندر سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرا ملزم فرار کی کوشش میں بینک سے باہر پکڑا گیا۔ دونوں کو پولیس چوکی جلال آباد کے حوالے کر دیا گیا۔ اسی دوران پاکستان فرار ہونے کی کوشش کرنے والے تین مزید ملزمان کو چوکی کوہالہ پولیس نے گرفتار کر لیا۔خواجہ فیضان وار نے فوری طور پر اس نوسربازی کی اطلاع پولیس چوکی جلال آباد کو دی، جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چوکی کوہالہ اور برار کوٹ پولیس کو بھی آگاہ کیا۔ بعد ازاں ان چوکیوں کی پولیس نے انتہائی مہارت کے ساتھ فراڈی گروہ کے مزید تین ارکان کو گرفتار کر کے پابندِ سلاسل کر دیا اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔اس کارروائی میں بینک آفیسران راجہ منیر اقبال اور شہزاد مقبول نے بھی فراڈی گروہ کو بے نقاب کرنے میں مؤثر کردار ادا کیا۔ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ پاکستان کے مختلف مالیاتی اداروں سے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث رہا ہے، جبکہ ان کے مزید ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔ایس ایس پی مظفراباد اور ڈی ایس پی سٹی راجہ فیصل شفیق اس ساری کاروائی کی مکمل نگرانی کرتے رہے



