
پشاور: وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افغانستان سے مثبت پیغام آیا ان سے صوبائی حکومت مذاکرات کرے گی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک کے اندر لا قانونیت ہے، ہمارے خلاف تمام کیسز بے بنیاد ہیں، ہم آزادی کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور جلسہ کرکے ثابت کریں گےکہ پوری قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادارے آئین کے مطابق کام کریں، ہم عوام کی حقیقی جنگ لڑ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ افغانستان حکومت چاہتی ہے کہ یہ مسئلہ حل ہو، ان سے مثبت پیغام آیا ہے اور افغانستان سے بات کرنے وفد جائےگا، افغانستان حکومت اور صوبائی حکومت مذاکرات کریں گے، اس حوالے سے وفاقی وزیر کا بیان انتہائی افسوس ناک ہے۔
ایشیا کپ پر تبصرہ کرتے ہوئے علی امین نے کہا کہ بار بار کرکٹ میچ سے پوری قوم کو دلی دکھ مل رہا ہے، بھارت کے ساتھ میچ عام میچ نہیں ہوتا، بہرحال ہمیں افسوس ہے کہ ہم بار بار کرکٹ میچ ہار رہے ہیں۔