تنظیم لوکل کونسل ایمپلائز کاملازمین کی پنشن اے جی آفس منتقلی کا مطالبہ

مظفرآباد (خبرنگارخصوصی) تنظیم لوکل کونسل ایمپلائرز ایسوسی ایشن ضلع کونسل مظفرآباد ڈڈویژن کے صدر طاہر رحیم مغل،جنرل سیکرٹری عبدالحمید عباسی ضیاء الرحمن اعوان، امجد اقبال، ذوالفقار اعوان، شمریز مغل نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر اور وزیر بلدیات ودیہی ترقی کا تاریخی کارنامہ بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی پنشن اے جی آفس کے ذریعہ ادائیگی کی منظوری ہے۔ لیکن محکمہ مالیات اے جی آفس لوکل گورنمنٹ بورڈاس تاریخی کارنامہ کے اثرات پنشنرز تک پہنچنے کی راہ میں رکاوٹ ہیں جس کی وجہ سے 11ماہ سے بلدیاتی اداروں کے پنشنرز پنشن جیسے بنیادی حق سے محروم ہیں۔ غریب پنشنرز کے گھروں میں فاقے ہیں جس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ اس لیئے وزیراعظم آزادکشمیر اور وزیر بلدیات نوٹس لیں ان کی پنشن اے جی آفس کے ذریعہ ادائیگی کیلئے احکامات جاری کریں ان خیالات کااظہار انہوں نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ تنظیم لوکل کونسل ضلع کونسل مظفرآباد ڈویژن اس حوالہ سے لائحہ عمل کے اعلان کیلئے مشاورت کررہی ہے بلدیاتی اداروں کے پنشنرز کی اے جی آفس کے ذریعے پنشن کی ادائیگی کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے اور وزیراعظم آزادکشمیر اور وزیر بلدیات ودیہی ترقی کے اس تاریخی کارنامے کو سبوتاژ نہیں کرنے دینگے۔