خواتین ونگ پاکستان پیپلزپارٹی کا اہم اور مضبوط ستون ہے‘لطیف اکبر

مظفرآباد(محاسب نیوز)قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر سے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی ملاقات، سیدہ شگفتہ نورین کاظمی کی تقرری پر مبارکباد،ایوان صدر میں قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر سے سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی سردار مبارک حیدر، ڈویژنل صدر پیپلزپارٹی جہانگیر خان مغل، مفتی فضل الرسول،سابق ایڈمنسٹریٹر میر مشتاق،کونسلر سید خرم نقوی، شبنم اعوان، ضیاد قاسم اور سفارت کاظمی نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفد نے سیدہ شگفتہ نورین کاظمی کو پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ آزاد جموں و کشمیر کی مرکزی سیکرٹری جنرل مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی اور قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر کو پھولوں کے گلدستے پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ سیدہ شگفتہ نورین کاظمی کی بطور مرکزی سیکرٹری جنرل تقرری پارٹی قیادت کا بہترین اور بروقت فیصلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین ونگ پاکستان پیپلزپارٹی کا اہم اور مضبوط ستون ہے اور سیدہ شگفتہ نورین کاظمی اپنی صلاحیتوں، تجربے اور انتھک محنت سے تنظیم کو مزید فعال اور منظم بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر میں عوامی مسائل کے حل، جمہوری اقدار کے فروغ اور پارٹی کو گراس روٹ سطح تک مضبوط بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔وفد کے اراکین نے بھی پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی سیاسی میدان میں مؤثر نمائندگی پارٹی کی ترقی پسند سوچ اور مضبوط تنظیمی حکمت عملی کی عکاس ہے۔




