
اوگی (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما کیپٹن صفدر نے کہا ہے کہ مخالفین کی تمام تر سازشوں اور رکاوٹوں کے باوجود اوگی سوئی گیس منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ جن علاقوں میں ڈسٹری بیوشن لائن بچھائی جا چکی ہے وہاں کے شہری آج سے ہی گیس کنکشن کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ وفاقی کابینہ نے سوئی گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم کر دی ہے اور ان شاءاللہ سب سے پہلے اوگی کے تبلیغی مرکز اور دارالعلوم سعیدیہ میں کنکشن دیا جائے گا۔ وہ اوگی سوئی گیس منصوبے کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) تحصیل اوگی کے صدر قاضی زاہد اللہ شاہ، عارف قلندر تنولی ایڈووکیٹ، سابق ایم پی اے نعیم سخی تنولی، چیئرمین تحصیل مانسہرہ شیخ شفیع، منیر تنولی، چیئرمین شاہد سلیمان، پرور خان، متان عالم، ارشد خان، اسامہ رفیق اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔کیپٹن صفدر نے کہا کہ اوگی کو سوئی گیس کی فراہمی عوام کا سب سے بڑا اور دیرینہ مطالبہ تھا جس کے لیے انہوں نے بھرپور جدوجہد کی۔ ان کے مطابق پہلے حطار سے 30 ارب روپے کی لاگت سے نئی بڑی لائن بچھائی گئی اور اس کے بعد اوگی کے لیے مزید ساڑھے چار ارب روپے مختص کیے گئے۔ تاہم 2018 میں نواز شریف کی حکومت کے خاتمے اور عمران خان کے برسراقتدار آنے کے بعد ان کے سیاسی مخالفین نے فنڈ لیپس کرانے کے ساتھ ساتھ دوگائی پل بھی توڑ دیا تاکہ اوگی تک سوئی گیس نہ پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ ہماری نیت صاف تھی، اس لیے اللہ تعالیٰ نے دوبارہ مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ساڑھے چار کے بجائے ساڑھے سات ارب روپے کا فنڈ ریلیز کیا جس سے منصوبہ مکمل ہوا۔ اگلے ہفتے وفاقی وزیر قدرتی وسائل آئل اینڈ گیس منصوبے کا باضابطہ افتتاح کریں گے اور کنکشن دینے کا آغاز ہوگا۔کیپٹن صفدر نے کہا کہ وہ خدمتِ خلق کے لیے سیاست کر رہے ہیں، کبھی بھی ووٹوں کی بنیاد پر کسی علاقے کو ترقیاتی منصوبوں سے محروم نہیں کیا۔ اوگی کے عوام نے نواز شریف کو ووٹ نہیں بھی دیا لیکن نواز شریف نے پھر بھی سوئی گیس کی فراہمی کا دیرینہ خواب شرمندہ? تعبیر کر دیا ہے۔بعد ازاں کیپٹن صفدر نے دارالعلوم سعیدیہ کے مہتمم شیخ القرآن والحدیث مولانا سعید الرحمن سے ان کی اقامت گاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران مختلف امور پر تبادلہ? خیال کیا گیا اور حافظ آباد مضافات میں آبادی کے اوپر گزرنے والی بجلی کی لائن تبدیل کرنے سمیت مزید ترقیاتی اقدامات کا اعلان بھی کیا۔