خالصہ سرکار پر بناگراؤنڈ کسی فرد واحد کی ملکیت نہیں،اسے سی کھوئیرٹہ

کھوئی رٹہ (ملک محمد حنیف اعوان سے)کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو نوجوان نسل چست و تندرست ہوگی، خالصہ سرکار پر بنا کھیل کا گراؤنڈ کسی فردِ واحد کی ملکیت نہیں، مداخلت کرنے والا قانون کی گرفت میں ہوگا — اسسٹنٹ کمشنر کھوئی رٹہ قیصر اسلم تفصیلات کے مطابق کھوئی رٹہ کے نواحی گاؤں بہیڑا کوٹہیڑہ میں مقامی کمیونٹی نے 1997ء میں اپنی مدد آپ کے تحت ایک چھوٹا سا کھیل کا میدان تیار کیا، جہاں گردونواح کے بچے اور نوجوان کرکٹ کھیلنے لگے۔ نوجوانوں کی دلچسپی دیکھتے ہوئے مقامی افراد نے گراؤنڈ کی توسیع میں حصہ لیا اور وقت کے ساتھ اس میں متعدد ٹورنامنٹ منعقد ہوئے جن میں سیاسی و سماجی شخصیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔2016ء میں منعقدہ ایک ٹورنامنٹ کے فائنل میں موجودہ وزیرِ صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور وعدہ کیا کہ اگر اللہ نے موقع دیا تو گراؤنڈ کے لیے ترقیاتی اسکیم فراہم کریں گے۔ بعد ازاں مرحوم سالارِ جمہوریت سردار سکندر حیات خان کے صاحبزادے سردار طارق سکندر نے بھی فائنل کے موقع پر گراؤنڈ کی بہتری کے لیے پچاس ہزار روپے کا اعلان کیا، جو گراؤنڈ پر خرچ کیے گئے۔حال ہی میں وزیرِ صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نے اپنے وعدے کے مطابق بہیڑا کوٹہیڑہ گراؤنڈ کے لیے تین لاکھ روپے کی ترقیاتی اسکیم منظور کی، جسے گاؤں کے مکینوں نے سراہتے ہوئے کام کا آغاز کیا۔ تاہم اسی دوران ایک قبضہ مافیا سامنے آیا جس نے بچوں کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری رقم یہاں خرچ نہیں ہونے دی جائے گی، حتیٰ کہ بارش کے دوران موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بوکلین مشین کے ذریعے پکی پچ اکھاڑ دی گئی۔نوجوانوں نے اس معاملے کی شکایت اسسٹنٹ کمشنر کھوئی رٹہ قیصر اسلم کے دفتر میں پیش کی۔ اے سی نے فوری طور پر پٹواری حلقہ کو موقع پر بھیج کر رپورٹ طلب کی، جس میں تصدیق ہوئی کہ یہ زمین خالصہ سرکار کی ملکیت ہے۔اسسٹنٹ کمشنر قیصر اسلم نے موقع پر واضح ہدایت دی کہ:>“یہ گراؤنڈ عوامی ملکیت ہے، کوئی بھی شخص اس میں مداخلت نہیں کر سکتا۔ اگر دوبارہ کسی نے رکاوٹ ڈالنے یا قبضے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے پرچہ درج اور حوالات بند کیا جائے گا۔”انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کا کھیلوں سے وابستہ ہونا خوش آئند ہے، کیونکہ کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو ہماری نوجوان نسل چست، تندرست اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوگی۔اس موقع پر نوجوانوں کے ساتھ صدر پریس کلب کھوئی رٹہ چوہدری ساجد، کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن ضلع کوٹلی کے جنرل سیکریٹری راجہ طالب اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کھوئی رٹہ چوہدری قیصر اسلم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک اہم عوامی معاملے کو نہ صرف سنا بلکہ جاندار اور انصاف پر مبنی فیصلہ دیا۔