مظفرآباد

درست طرز زندگی گردوں کے صحت بارے آگاہی سیشن ناگزیر

میرپور(ظہور الرشید سے) انچارج خواتین ونگ انجمن فلاح و بہبودِ انسانیت میرپور، محترمہ عائشہ ملک نے کہا ہے کہ صحت اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہے اور ہمیں اس نعمت کی حفاظت اپنی ذمہ داری سمجھنی چاہیے۔ صحت مند رہنے کے لیے متوازن غذا، روزمرہ ورزش، اور صاف پانی کا استعمال بے حد ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نومحال نکہ میں گردوں کی صحت کے حوالے سے منعقدہ آگاہی سیشن میں طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محترمہ عائشہ ملک نے کہا کہ گردوں کی صحت کو بہتر رکھنے کے لیے غیر ضروری ادویات کے استعمال سے گریز، مناسب پانی پینا، تمباکو نوشی سے پرہیز اور بلڈ پریشر و شوگر کو کنٹرول میں رکھنا نہایت اہم عوامل ہیں۔ انہوں نے طالبات کو بتایا کہ گردوں کے امراض کے ابتدائی مراحل میں اگر احتیاط کی جائے تو بڑی حد تک بیماری کو روکا جا سکتا ہے۔انہوں نے اس موقع پر فری کڈنی ڈائیلاسز سنٹر، میرپور ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سنٹر حکومت، عوام اور مخیر حضرات کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے جہاں گردوں کے مریضوں کو مفت ڈائیلاسز اور جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ روزانہ درجنوں مریض یہاں سے مستفید ہو رہے ہیں، اور اس کا مقصد کسی بھی مستحق مریض کو علاج کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا نہ ہونے دینا ہے۔محترمہ عائشہ ملک نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کے بارے میں شعور پیدا کریں، چھوٹی عمر سے ہی صاف پانی پینے، مناسب نیند لینے، اور غیر صحت مند کھانوں سے پرہیز کو اپنی عادت بنائیں تاکہ مستقبل میں گردوں اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔آخر میں اسکول انتظامیہ اور طالبات نے محترمہ عائشہ ملک اور انجمن فلاح و بہبودِ انسانیت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے صحت کے ایک اہم موضوع پر آگاہی فراہم کی اور طلبہ و طالبات میں شعور اجاگر کیا۔

Related Articles

Back to top button