27اکتوبر ریاستی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے‘پاسبان حریت

مظفرآباد (محاسب نیوز) 27 اکتوبر ریاست جموں کشمیر کی تاریخ اور تحریک میں سیاہ ترین دن ہے۔ کشمیری عوام کو آزادی کیلئے من حیث القوم بھارت کیخلاف مزاحمت کیلئے تیار رہنا ہے۔ عزیر احمد غزالی۔پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر تاریخِ ریاست جموں کشمیر کا ایک سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی افواج نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف غیر قانونی طور پر ریاست پر قبضہ کیا۔ یہی دن کشمیری قوم کی غلامی کی بنیاد بنا جس کے خلاف آج بھی پوری قوم جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ہندوتوا حکومت جموں کشمیر کے مسلم تشخص اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی خطرناک پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ مقامی آبادی کی اکثریت کو اقلیت میں بدلا جا سکے۔عزیر احمد غزالی نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس حکومت کشمیریوں کی اسلامی شناخت مٹانے کے لیے تعلیمی نصاب میں تبدیلیاں کر کے نئی نسل کے ذہنوں کو ہندوتوا نظریات کی طرف مائل کرنے کی سازشیں کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے مذہبی مقامات پر قبضے کیے جا رہے ہیں، کشمیری مسلمانوں کو سرکاری ملازمتوں سے نکال کر ان کی جگہ غیر کشمیریوں کو تعینات کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔چیئرمین پاسبانِ حریت نے انسانی حقوق کے کارکنوں اور تنظیموں، اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ 27 اکتوبر 1947 بھارتی فوجی قبضے، 5 اگست 2019 بھارتی لوک سبھا سے ریاست مخالف اقدامات اور 11 دسمبر 2023 بھارتی سپریم کورٹ کے جانبدار فیصلوں جیسے اقدامات کا نوٹس لیں۔ انہوں نے ریاست جموں کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 27 اکتوبر کو ”یومِ سیاہ” کے طور پر منائیں اور بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی قبضے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور اپنے حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔عزیر احمد غزالی نے کہا کہ 27 اکتوبر نہ صرف بھارت کے غیر قانونی قبضے کی یاد دلاتا ہے بلکہ یہ دن ہمیں اس عزم کی تجدید بھی کرواتا ہے کہ کشمیری قوم اپنی آزادی کی منزل کے حصول تک بھارت کیخلاف مزاحمت جاری رکھیں گے۔



