ایکشن کمیٹی سے معاہدے پر عملدرآمدپیپلزپارٹی آزادکشمیر اور مسلم لیگ ن میں دوڑ لگ گئی
مظفرآباد(راجہ اکمل جاوید سے)جموں وکشمیرجوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی حکومت کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے اور عوامی حمایت حاصل کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کی نومنتخب حکومت اور قانون ساز اسملبی میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے درمیان دوڑ لگ گئی ہے۔ نومنتخب وزیراعظم نے اپنے پہلے خطاب میں معاہدے پرعملدرآمد کا اعلان کیا کابینہ اجلاس میں ایکشن کمیٹی اور وفاقی وزراء کے درمیان ہونے والے معاہدے کی توثیق کی اور وزیراعظم فیصل راٹھور خوشخبری دینے کور ممبر شوکت نوا ز میر کے گھر پہنچ گئے۔پی پی حکومت کی دیکھا دیکھی مسلم لیگ ن بھی متحرک اسلام آباد میں سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں طے پایا وفاقی نمائندے بات چیت کرینگے، امیرمقام،طارق فضل چوہدری مظفرآباد پہنچ گئے طے شدہ معاہدے کی مانیٹرنگ وعملدرآمد کے حوالے سے بات چیت اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ عام انتخابات قریب ہیں۔ دونوں جماعتیں عوامی حمایت اور پذیرائی حاصل کرنے کیلئے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے متحرک ہیں۔ کیونکہ ایکشن کمیٹی کے کامیاب احتجاج اور وفاقی حکومت کے ساتھ معاہدے کے بعد اب عوام میں جانے کیلئے ایکشن کمیٹی کا سہارا ضروری ہوگیا ہے۔ اب دیکھتے ہیں اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے اور عوام کس کو پذیرائی دیتے ہیں۔



