گورنر خیبر پختونخواہ سے سنٹرل پریس کلب وفد کی ملاقات، کشمیر اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں‘فیصل کریم کنڈی

پشاور / مظفر آباد (نمائندہ خصوصی)گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی سے مرکزی ایوانِ صحافت آزاد کشمیر کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی ہم آہنگی، صحافتی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات کو دونوں خطوں کے درمیان فکری اور عوامی رشتوں کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔وفد کی قیادت صدر مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد سجاد قیوم میر نے کی، جبکہ وفد میں سینئر نائب صدر نصیر انور، سیکرٹری جنرلسید اشفاق حسین شاہ،سابق صدور سید آفاق حسین شاہ،سہیل مغل،خواجہ سرفراز احمد، راجہ امجد حسین،سرفراز احمد میر، محسن خواجہ، فاروق مغل شہزاد لولابی،راجہ کمل،شاہد راجہ سمیت دیگر سینئر صحافی شامل تھے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں سیاسی خلا نے عوامی مسائل میں اضافہ کیا ہے، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں اس خلا کو پر کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مؤقف واضح ہے کہ کشمیر کے فیصلے کشمیر میں ہوں گے، کیونکہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کے خود ضامن ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، یہ تعلق محض جغرافیائی حدود تک محدود نہیں بلکہ ایک روحانی، قومی اور جذباتی بندھن ہے جو قربانیوں، ایمان اور محبت سے پروان چڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کشمیر میں ایک مستحکم، نظریاتی اور عوام دوست حکومت قائم ہوگی تو عوامی مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔گورنر خیبر پختونخواہ نے اس موقع پر مرکزی ایوانِ صحافت آزاد کشمیر کے کردار کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ صرف خبر کا ذریعہ نہیں بلکہ شعور و آگہی کا علمبردار ہے۔ مرکزی ایوانِ صحافت نے ہمیشہ سچائی کو اپنا معیار بنایا، مظلوم کی آواز بن کر حق کا پرچم بلند رکھا، اور کشمیری عوام کے احساسات کو قومی سطح پر اجاگر کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری صحافی اپنی جرات مند تحریروں کے ذریعے دنیا کو حقِ خودارادیت کا پیغام دے رہے ہیں، جو ایک عظیم جدوجہد کا حصہ ہے۔اس موقع پر صدر مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد سجاد قیوم میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ“مرکزی ایوانِ صحافت آزاد کشمیر صحافتی ادارہ نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو سچ، انصاف اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے۔ ہمارا مقصد قلم کے ذریعے روشنی پھیلانا، سچ بولنا، اور قوم کے احساسات کی ترجمانی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ محبت، قربانی اور ایمان کی بنیاد پر قائم ہے، اور یہی رشتہ دونوں خطوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑے رکھتا ہے۔




