سردار خالد ابراہیم کی سیاسی زندگی اصول پسندی اور حق گوئی کی علامت‘سردار عتیق

مظفرآباد(محاسب نیوز)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ سردار خالد ابراہیم مرحوم کشمیری عوام کی توانا، جرات مند اور سچی آواز تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی اصولوں، نظریات اور حق گوئی پر استقامت کے ساتھ گزاری۔انہوں نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم مرحوم نے آزاد کشمیر کی سیاست میں اصولی اور نظریاتی سیاست کو فروغ دیا، اور مشکل ترین حالات میں بھی اصولوں سے انحراف نہیں کیا۔سردار عتیق احمد خان نے ان خیالات کا اظہار عظیم سیاسی رہنما سردار خالد ابراہیم مرحوم کی ساتویں برسی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ہمیشہ حق و صداقت کا ساتھ دیا اور ریاستی سیاست میں اصولوں کو مقدم رکھا۔ ان کے قول و فعل میں تضاد نہیں تھا، یہی وجہ ہے کہ ریاستی عوام کے دلوں میں انہیں بے پناہ عزت و احترام حاصل ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم مرحوم کی سیاسی زندگی آزاد کشمیر کے سیاسی کارکنوں کے لیے ایک مشعل راہ ہے، کیونکہ وہ ان چند رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے کبھی اقتدار کی خاطر اپنے نظریات کا سودا نہیں کیا۔انہوں نے ہمیشہ سچائی اور انصاف کی بات کی، اور ریاست کے مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم مرحوم کی جمہوریت، اصول پسندی اور حق گوئی کے حوالے سے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ سیاست کے میدانِ خارزار میں انہوں نے مشکل وقت گزارا مگر اپنے اصولی موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کی زندگی اور سیاسی جدوجہد اس بات کی گواہی ہے کہ کردار اور اصولوں پر مبنی سیاست ہی دیرپا اور باعزت سیاست ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سردار خالد ابراہیم مرحوم نے آزاد کشمیر کے سیاسی منظرنامے پر ایسے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں جو رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے۔ان کا کردار تاریخ کا حصہ ہے اور ریاستی عوام کے دلوں میں وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔آخر میں صدر مسلم کانفرنس نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم جیسے رہنما قوموں کے لیے سرمایہ افتخار ہوتے ہیں، جن کی سیاسی بصیرت، جراتِ اظہار اور اصول پسندی سے آنے والی نسلوں کو رہنمائی حاصل ہوتی رہے گی۔




