مظفرآباد

کوٹلی،شرپسند عناصرکی فائرنگ سے 6افراد زخمی،21کیخلاف پرچہ‘ 4گرفتار

کوٹلی(بیورورپورٹ) چوہدری مارکیٹ کے قریب فائرنگ کر کے چھ افراد کو شدید زخمی کرنے والے گیارہ نامزد اور دس نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج۔ چار ملزمان گرفتار جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے مختلف مقامات پر چھاپے جاری۔ زیشم ملک ولد ملک جاوید ساکن ٹینڈہ کلاہ کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق سائل نے چوہدری مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سپیر پارٹس کی دوکان رکھی ہوئی ہے۔ گزشتہ دنوں سلیمان بٹ نے سائل پر ایک جھوٹی ایف آئی آر درج کروائی جس پر سائل نے سوموار کو عبوری ضمانت کروا دی۔ گزشتہ روز اپنی دکان پر حنین سلطان، احسن زاہد، وقار، توصیف، قیس وغیرہ کے ہمراہ موجود تھا کہ دن دو بج کر پندرہ منٹ پر سلیمان بٹ،ہشام بٹ،کمائل شاہ، سیف بٹ،حمزہ بٹ،سیف راجہ،فیران اور فیضان ہمراہ دس نامعلوم افراد آتشیں اسلحہ اور خنجروں سے لیس تھے نے قتل کرنے کی نیت سے آتے ہی فائرنگ شروع کردی۔ سلیمان بٹ نے تیس بور پسٹل سے سائل کو قتل کی نیت سے فائر کیا جو کہ سائل کی ٹانگ میں لگنے سے گر گیا تو دوسرا فائر ہشام بٹ نے کیا جو سائل کی دوسری ٹانگ میں لگا۔ تیسرا فائر حمزہ بٹ نے کیا جو سائل کے گٹھنے پر لگا جبکہ دیگر ملزمان کی فائرنگ سے سائل کے پاس بیٹھے توصیف،قیس،حنین، احسن اور وقار بھی گولیاں لگنے اور خنجر کے حملے سے زخمی ہوئے یہ دہشت گردانہ واقعہ عمر بٹ،عثمان بٹ اور صدیق بٹ کی منصوبہ بندی پر ہوا۔ مذکورہ ملزمان نے دن دیہاڑے دہشت گردی کی ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جس پر پولیس نے درج بالا ملزمان کے خلاف مقدمہ علت نمبر 378/25 بجرائم 324/452/147/148/149/109 /APC337 A کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کے گھروں اور دیگر مقامات پر ریڈ کرتے ہوئے چار ملزمان سلیمان بٹ ولد عمر بٹ فیضان ولد عبد القیوم کمائل شاہ ولد اسرار شاہ اور حمزہ مختار کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات ہیں کہ دیگر ملزمان نے عبوری ضمانتیں کروا دی ہیں تاہم پولیس نے مقدمہ کی تفتیش میرٹ پر کر کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دھانی کروائی ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ضلع کوٹلی پُرامن اور شریف لوگوں کا خطہ ہے اور اسے پرامن رکھنے کہ لیے پولیس اور عوام کا آپس میں اعتماد اور تعاون قائم رکھنا ضروری ہے پولیس عوام کی جان ومال کی محافظ ہے جو دستیاب وسائل میں ہمہ وقت اپنا فرض نبھاتی رہے گی۔

Related Articles

Back to top button