مظفرآباد

شوکت جاوید میر سے شیخ زاہد،قاضی وصام احمد کی ملاقات

ہٹیاں بالا (بیورو رپورٹ)وزیراعظم آزاد کشمیر کے ترجمان شوکت جاوید میر سے سیکرٹری جنرل بار ایسوسی ایشن جہلم ویلی شیخ شاہد ایڈووکیٹ اور قاضی وصام احمد اعوان ایڈووکیٹ نے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وکلاء رہنماؤں نے شوکت جاوید میر کو وزیراعظم آزاد کشمیر کا ترجمان مقرر ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر شیخ شاہد ایڈووکیٹ اور قاضی وصام احمد اعوان ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ شوکت جاوید میر ایک متحرک، باصلاحیت اور عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ شخصیت ہیں، امید ہے کہ وہ بطور ترجمان حکومت اور عوام کے درمیان مؤثر رابطے کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ شوکت جاوید میر آزاد کشمیر کے عوام بالخصوص ضلع جہلم ویلی کے مسائل کو اعلیٰ ایوانوں تک بھرپور انداز میں پہنچائیں گے۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، وکلاء برادری کو درپیش مسائل، عدالتی نظام میں بہتری، قانون کی بالادستی اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شوکت جاوید میر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری معاشرے میں انصاف کے قیام اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت وکلاء کے مسائل کے حل اور عدالتی نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی قیادت میں حکومت عوامی فلاح و بہبود اور اداروں کی مضبوطی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور وکلاء سمیت تمام طبقات کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جائے گا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

Related Articles

Back to top button