مظفرآباد

مرکزی ایوان صحافت میں یوم شہدائے جموں کی مناسبت سے دعائیہ تقریب

مظفرآباد (محاسب نیوز)مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد میں یومِ شہدائے جموں کی مناسبت سے ایک پُرعقیدت دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت صدر مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد، سجاد قیوم میر نے کی۔ اس موقع پر پریس کلب کے اراکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور شہدائے جموں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔تقریب کے دوران مقررین نے بھارتی ریاستی جبر و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 6 نومبر 1947 تاریخ کا وہ سیاہ باب ہے جب جموں کے ہزاروں بے گناہ مسلمان ہندو انتہاپسندوں اور ڈوگرہ فوج کے ظلم و ستم کا نشانہ بنے۔ خواتین، بزرگوں اور بچوں کو دھوکے سے گھروں سے نکال کر بے دردی سے شہید کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ جموں کے مسلمانوں کا خون کشمیر کی جدوجہدِ آزادی کی بنیاد بنا، جس کی خوشبو آج بھی آزادی کی تحریک میں تازگی اور حوصلہ پیدا کر رہی ہے۔دعائیہ تقریب سے صدر مرکزی ایوانِ صحافت سجاد قیوم میر،سابق صدر سید آفاق حسین شاہ،محمد عارف عرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ“شہدائے جموں کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہوں نے ظلم کے خلاف سینہ سپر ہو کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آج ہمارا فرض ہے کہ ہم اُن کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور اُن کے مشن کو زندہ رکھیں۔مقررین نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آج بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، مگر کشمیری عوام اپنے شہداء کے مشن سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ اُنہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں انسانی المیہ کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے اور مظلوم کشمیریوں کو اُن کا حقِ خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔تقریب کے اختتام پر شہدائے جموں کی ارواح کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ اس موقع پر عہد کیا گیا کہ ایوانِ صحافت مظفرآباد شہداء کے مشن کو اجاگر کرنے، اُن کی قربانیوں کو تاریخ کے سنہرے حروف میں زندہ رکھنے اور کشمیر کی آزادی کی آواز کو دنیا کے ہر فورم تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتا رہے گا۔

Related Articles

Back to top button