مظفرآباد میں 12اجتماعی شادیاں، نادار بچیوں کے چہرے کھل اٹھے
مظفرآباد (محاسب نیوز)مظفرآباد میں اجتماعی شادیوں کی رنگا رنگ تقریب میں نادار بچیوں کے چہرے خوشیوں، انسانیت، محبت اور مسرت کے رنگوں سے جگمگا اٹھے۔ یتیم، نادار، سفید پوش اور بے سہارا بچیوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں جہاں پہلے غریب والدین کیلئے محرومیوں کی اداسی بسی تھی، آج وہاں دلہنوں کی مسکراہٹوں نے امید، عزت اور وقار کی نئی داستان رقم کر دی۔یہ تقریب الرحمن ویلفیئر فاونڈیشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جس کا مقصد بے سہارا اور نادار بچیوں کو باعزت اور باوقار طریقے سے رخصت کرنا تھا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیرِ حکومت سردار جاوید ایوب نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں بارہ خوش نصیب دلہنوں نے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔ ان کے چہروں پر حیا، مسکراہٹ اور امید کے حسین امتزاج نے ماحول کو خوشیوں سے بھر دیا۔ پولیس کے دستے نے دولہا، دلہنوں اور مہمانوں کو سلامی پیش کی، جبکہ منتظمین کی جانب سے شرکائے تقریب کے لیے پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا۔ دلہنوں کو خوبصورت لباس، زیورات اور مکمل جہیز کے ساتھ باوقار طریقے سے رخصت کیا گیا۔ اس موقع پر بچیوں کے والدین اور سرپرستوں نے خوشی اور شکرگزاری کے جذبات کے ساتھ کہاکہ الرحمن ویلفیئر فاونڈیشن اور تمام مخیر حضرات نے جو نیکی کی ہے، اللہ انہیں جزائے خیر دے۔ آج ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں جنہوں نے ہماری بیٹیوں کے چہروں پر خوشی لوٹا دی۔ وزیرِ حکومت سردار جاوید ایوب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مخیر حضرات دراصل حکومت کا ہاتھ بٹا رہے ہیں، اور اس نیک عمل سے معاشرے میں ایک مثبت مثال قائم کر رہے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں اجتماعی شادیوں کی اس روایت کو وسیع پیمانے پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔



