یوتھ لیپ ٹاپ سکیم شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی عکاسی ہیں‘امیر مقام

راولاکوٹ (اخلاق احمد خان)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر گلگت بلتسان انجینئر امیر مقام نے جامعہ پونچھ راولاکوٹ کے 446 طلباء و طالبات میں پرائم منسٹر یوتھ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم وزیر اعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی عکاسی ہیں۔ لیپ ٹاپ سکیم فیز فور کے تحت جامعہ پونچھ کے 446 طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے اور اس تسلسل کو جاری رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بروقت مواقع ملیں تو ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں، لیپ ٹاپ سکیم مکمل طور پر میرٹ پر مبنی ہے جس میں سفارش کی گنجائش نہیں اس سکیم کا آغاز 2011 میں ہوا تھا۔ موجودہ حکومت نے دوبارہ فعال کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر اعظم کے فیصلوں سے ملک میں اعتماد کی فضا مضبوط ہوئی ہے۔ قبل ازیں یونیورسٹی آمد پر وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا، انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش یونیورسٹی کے قیام پر غور کیا جا رہا ہے عالمی معیار کی تعلیم کی فراہمی ہمارا نصب العین ہے۔ آزاد کشمیر میں پانچ دانش سکول قائم کیے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے آزاد جموں و کشمیر میں صحت کارڈ سہولت کا آغاز،اور ہر خاندان کو معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ہنر سے آراستہ کرنا حکومت کی ترجیحات ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ معرکہ? حق کے بعد دنیا مسئلہ کشمیر کی اہمیت تسلیم کر رہی ہے، لائن آف کنٹرول پر میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہا، دس مئی کے بعد پاکستان کی عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں ہوئی ہیں۔آرمی چیف کی قیادت میں پاکستان کا وقار پوری دنیا میں بلند ہوا۔حکومت پاکستان کشمیریوں کے لیے دوٹوک مؤقف پر قائم ہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں۔ کشمیری عوام کی قربانیاں لازوال ہیں۔ جنکی جدو جہد کو سلام پیش کرتا ہوں وزیراعظم بہادری سے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کررہے ہیں میاں نواز شریف نے بھی کشمیر کے لیے بہت کچھ کیا۔ ہم مسلہ کشمیر کے حل اور خون کے آخری قطرے تک آپ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔




