سماہنی میں نایاب جنگلی ہرن کو آزاد کر دیا گیا
سماہنی (تحصیل رپورٹر‘نصیر چوہدری سے) نایاب جنگلی ہرن کو آزاد کر دیا گیا، وائلڈ لائف اہلکار عامر رفیق، نوجوان صحافی رپورٹر روزنامہ دومیل شجاعت اقبال کی تحفظ جنگلی حیات کے لئے اہم کاوش،تفصیلات کے مطابق تحصیل سماہنی میں جنگلی حیات کے تحفظ کی ایک شاندار مثال قائم کرتے ہوئے نوجوان صحافی شجاعت اقبال نے محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار عامر رفیق کے ہمراہ ایک نایاب زخمی جنگلی ہرن کو قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا، نہالہ چاہی کے گاؤں پھرندہ میں مقامی افراد نے ایک زخمی جنگلی ہرن کو پکڑا اور فوری طور پر میڈیا نمائندگان چوہدری فضل الرحمن اور شجاعت اقبال کو اطلاع دی،میڈیا نمائندگان کے محکمہ وائلڈ لائف سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ تحصیل سماہنی میں وائلڈ لائف کے ایک اہلکار کو ملازمت سے معطل کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرے اہلکار کا پراجیکٹ ختم ہو چکا ہے، اس صورتحال میں اسسٹنٹ کمشنر سماہنی حسام ساجد کو اطلاع دی گئی جنہوں نے فوری طور پر اس معاملہ پر پیشرفت کرتے ہوئے بھمبر سے محکمہ وائلڈ لائف اہلکار عامر رفیق کو موقع پر روانہ کیا،اہلکار عامر رفیق نے نہالہ پھرندہ پہنچ کر زخمی ہرن کا معائنہ کیا، اور جانچ پڑتال، اطمینان کے بعد اسے قریبی جنگل میں قدرتی ماحول کے حوالے کر دیا، آزاد ہوتے ہی ہرن جنگل کی سمت دوڑ گیا،علاقہ مکینوں اور سماجی شخصیات نے صحافیوں اور محکمہ وائلڈ لائف کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے انہوں نے حکومتِ آزاد کشمیر اور محکمہ وائلڈ لائف کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ تحصیل سماہنی میں مستقل گیم واچرز کی تعیناتی یقینی بنائی جائے تاکہ نایاب جنگلی جانوروں کا بہتر تحفظ ممکن ہو سکے



