مقبوضہ کشمیر‘بھارت کا سرینگر میں نیافوجی اڈہ قائم کرنیکا فیصلہ‘گھروں کی تلاشی‘متعدد گرفتار

سری نگر(کے پی آئی)مقبوضہ جموں وکشمیر کے دارلحکومت سری نگر میں ایک نیا فوجی اڈہ قائم کیا جارہا ہے بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) ایک نئے فوجی اڈے کے قیام کے لیے سری نگر زبروان پہاڑیوں (Zabarwan hills)میں ایک سینکڑوں کنال زمین پر قبضہ کر رہی ہے۔گزشتہ سال 24 جون کو سی ار پی ایف کے اہلکاروں اور سری نگر ضلع انتظامیہ کے درمیان اس سلسلے میں ایک اجلاس بھی ہوا تھا۔ فوجی اڈے کے لیے زبروان رینج میں واقع گاں کی 1,324 کنال زمین کی نشاندہی کی گئی۔سی ار پی ایف کی 79ویں بٹالین کے کمانڈنٹ کیشو کمار نے ڈپٹی کمشنر سری نگر کو ایک خط لکھا جس میں زمین کا ریونیو ریکارڈز طلب کیا گیا تھا۔مقبوضہ کشمیر پولیس نے 10کشمیریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر سے جڑے نیٹ ورک کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کیا گیا ہے۔سری نگر، اسلام آباد، پلوامہ،سوپور، کولگام، ہندواڑہ اور دیگر اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کی گئیں۔مقبوضہ کشمیر میں اس مہم کے دوران 20 اضلاع میں گھروں کی تلاشی لی گئی بڑی تعداد میں شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس مہم میں ان شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جنہیں تحریک آزادی کے اوور گرانڈ ورکرز (OGWs)، ہمدرد اور پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں مقیم کشمیریوں کے رشتہ داربتایا جاتا ہے۔ بھارتی پولیس نے بتایا کہ یہ اقدام احتیاطی تدابیر کا حصہ ہے جس کا مقصد مقبوضہ علاقے پر کنٹرول کو مضبوط کرنا ہے۔حکام نے تصدیق کی کہ سینکڑوں لوگوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے بہت سے لوگوں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA)اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (UAPA) جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔مقبوضہ کشمیر پولیس جنوبی کشمیر کے ایک میڈیکل کالج کو محاصرے میں لے کر تلاشی لی ہے جبکہ ایک ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ایک ڈاکٹر کے لاکر سے اے کے 47 رائفل ملی ہے۔ پولیس کی کاروائی کے خلاف کالج کے عملے اور طلبہ نے احتجاج کیا ہے۔کالج انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر عادل احمد راتھر اننت ناگ گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) میں ریزیڈنٹ ڈاکٹر رہے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کی بی جے پی حکومت اور اس کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ نے نہتے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے۔بھارت کی پیراملٹری فورسز اورپولیس نے مقبوضہ جموں وکشمیرکے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھاہے اور مکینوں کو مسلسل ہراساں کیاجارہا ہے۔



