اختیارات کی جنگ،ڈی سی بینش جرال، چیئرمین ضلع کونسل طیب منظور آمنے سامنے
ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)اختیارات کی جنگ،ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی بینش جرال اور چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلی طیب منظور کیانی آمنے،سامنے آگئے،ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی کی جانب سے جہلم ویلی کی یونین کونسلوں پاہل،گوجر بانڈی،چکہامہ،نڑدجیاں،چکوٹھی،کھلانا کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے چناری میں بلدیاتی نمائندگان کے بلائے جانے والے اجلاس کو چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلی نے قانون شکنی قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی بینش جرال نے ضلع جہلم ویلی کی یونین کونسلوں پاہل،گوجر بانڈی،چکہامہ،نڑدجیاں،چکوٹھی،کھلانا کے مسائل کے حوالہ سے بدھ کے روز ریسٹ ہاؤس چناری میں بلدیاتی نمائندگان ایک اجلاس طلب کیا،جس میں ایس پی،چیئرمین ضلع کونسل،ممبران ضلع کونسل جہلم ویلی،چیئرمین /ممبران یونین کونسل پاہل،گوجر بانڈی،چکہامہ،نڑدجیاں،چکوٹھی،کھلانہ کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی، ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی کی جانب سے چناری میں بلائے گئے اجلاس پر چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلی طیب منظور کیانی نے اپنا سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں کشمیر ہائی کورٹ کے واضح فیصلے کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی کی جانب سے اجلاس طلب کرنا صریحاً قانون شکنی ہے،لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990ء میں اس حوالے سے بالکل واضح ہے کہ اجلاس طلب کرنے کا اختیار صرف اور صرف منتخب نمائندوں کو حاصل ہے،انتظامی افسران اگر اپنے قانونی دائرہ کار میں رہ کر کام کریں تو منتخب نمائندے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں،لیکن اختیارات سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،چیئرمین ضلع کونسل طیب کیانی نے اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب اداروں کو غیر موثر کرنے کی کوششیں جمہوریت اور قانون دونوں کے منافی ہیں،آئندہ چند روز میں ضلع کونسل جہلم ویلی کا فل ہاؤس اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں ضلع کے جملہ مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور ادارہ جاتی امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی،بلدیاتی نظام کی مکمل بحالی، عوامی نمائندوں کے اختیارات کی واگزاری ہمارا بنیادی مقصد ہے،عوام نے ہمیں خدمت کا مینڈیٹ دیا ہے، کسی غیر قانونی دباؤ یا مداخلت کے آگے جھکنا ممکن نہیں ہے، اگر اس نوعیت کی قانون شکنی کا سلسلہ نہ رکا تو ہم قانونی چارہ جوئی سمیت تمام جمہوری راستے اختیار کریں گے۔



