ڈپٹی کمشنر اور میئر بلدیہ کا میرپور شہر کی صفائی ستھرائی کاجائزہ

میرپور (بیورو رپورٹ)ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض اور مئیر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد نے میرپور شہر کی سڑکات کی صفائی و ستھرائی مہم کے دوران مختلف مقامات پر جا کر معائنہ کیا اور مثالی صفائی وستھرائی پر میونسپل کارپوریشن کے شعبہ صحت و صفائی کی کارکردگی کو سراہا اور انھیں شاباش دی۔ ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے دورہ کے دوران میونسپل کارپوریشن کے شعبہ صحت و صفائی پر مامور عملہ سے بات چیت کی اور انھیں بہترین صفائی کرنے پر سلام پیش کیا۔ڈپٹی کمشنر یاسرریاض نے ہمراہ مئیر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد اور چیف آفیسر بلدیہ راجہ شیراز احمد خان ایف ٹو ڈیفنس روڈ،ایف ون،ایف تھری اور بی ٹو سڑک کا معائنہ کیا اس موقع پر ایکسین بلدیہ شاہ زیب کرامت، ا یس ڈی او بلدیہ جواد احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔بلدیہ میرپور شہر کے مختلف سیکٹروں سے کچرے کے بڑے بڑے ڈھیروں کو ختم کرکے ان جگہوں کی صفائی کروائی جبکہ شہریوں کی طرف سے جن علاقوں میں کچرا پھینکا جاتا تھا وہاں مختلف قسم کے پودا جات لگا دیے اور ساتھ ہی بینرز آویزاں کردیے گے جن پر تحریر کیا گیا کہ شہری اپنا کوڑا کرکٹ بلدیہ کی طرف سے ڈور ٹو ڈور ڈسٹ بن سروس میں ہی پھینکیں جگہ جگہ گلی محلوں میں کچرا کنڈی بنانے سے گریز کیا جائے تاکہ صفائی مہم کے باعث دوبارہ ان علاقوں میں کچرا کنڈی پیدا نہ ہوسکے۔ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے کہا کہ میرپور شہر میں روزانہ کی بنیاد پر بلدیہ کا عملہ 60سے70ٹن کچرا ٹھکانے لگاتا ہے اس کے لیے بلدیہ کے ملازمین صبح سویرے گلی محلوں اور سڑکوں کی صفائی کرتے ہیں یہ کام اگر چہ دیکھنے میں آسان ہے لیکن یہ کام انتہائی مشکل ہے انھوں نے کہاکہ صفائی و ستھرائی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بلدیہ سمیت تمام شہریوں کو اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ یہ شہر صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بن سکے۔انھوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ میونسپل کارپوریشن کے عملہ سے تعاون کریں اور ڈسٹ بن سروس کو استعمال کریں،انھوں نے کہا کہ بعض جگہوں پر ڈسٹ بنیں لگی ہوئی ہیں لیکن شہری کچرا ڈسٹ بن میں پھینکنے کی بجائے ڈسٹ بن کے باہر پھینک آتے ہیں جس سے تعفن اور بدبو پھیلتی اور شہر کا ماحول بھی خراب ہوتا ہے۔انھوں نے تاجروں اور شہریوں سے کہا کہ وہ اپنا کوڑا کرکٹ جگہ جگہ پھینکنے کی بجائے ڈسٹ کو استعمال کریں جن جن علاقوں میں صفائی ستھرائی کا عمل مکمل ہورہا ہے اس کو بحال رکھنے میں تعاون کریں۔میئر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد نے کہاکہ میونسپل کارپوریشن نے گزشتہ ایک ہفتہ سے شہر کی تمام مین شاہرات کی صفائی و ستھرائی مہم شروع کی ہوئی ہے شہریوں سے التما س ہے کہ وہ اپنا کوڑا کرکٹ ڈسٹ بن میں ڈالیں اور ڈسٹ بن سروس کو فعال بنائیں۔انھوں نے کہا کہ مختلف سیکٹروں میں ڈسٹ بینیں نصب ہیں شہری اپنا کچرا جگہ جگہ پھینکنے کے بجائے ڈسٹ بن کو استعمال کریں اور صفائی و ستھرائی عملہ کے ساتھ تعاون کریں۔



