مظفرآباد

شیخ اظہر کی رہائش گاہ پر فیصل ممتاز کی وزیراعظم نامزدگی پر شاندار آتش بازی

مظفرآباد (محاسب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو وزارتِ عظمیٰ کیلئے پارٹی امیدوار نامزد کیے جانے پر مظفرآباد میں شاندار جشن منایا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کارکنان، عہدیداران اور جیالوں میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ نامزدگی کے فوراً بعد پاکستان پیپلز پارٹی سٹی مظفرآباد کے جنرل سیکرٹری اور رکن CEC شیخ اظہر کی رہائش گاہ نیامحلہ میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جہاں آتش بازی کا خصوصی اہتمام کیا گیا اور جیالوں نے پارٹی ترانوں اور نعروں کے ساتھ خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔ تقریب میں شیخ نزیر، شوکت خاکسار راٹھور، صلاح الدین حمید قریشی،ذوالقرنین عباسی، شیخ عبدالوہاب، شیخ فہیم سمیت پارٹی کے متعدد سینئر رہنما شریک ہوئے۔ سول سوسائٹی کے نمائندگان، نوجوان کارکنان اور ممتاز سماجی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی اور فیصل ممتاز راٹھور کی نامزدگی پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میزبان شیخ اظہر نے کہا کہ فیصل ممتاز راٹھور کی نامزدگی نہ صرف پیپلز پارٹی کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ آزاد کشمیر کی سیاسی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ راٹھور نے ہمیشہ عوامی حقوق، ترقیاتی کاموں اور تحریکِ آزادی جموں و کشمیر کے لیے بھرپور آواز اٹھائی، اور ان کی یہی جدوجہد آج انہیں وزارتِ عظمیٰ کے منصب کے قریب لے آئی ہے۔دیگر مقررین، جن میں راشد علی، خالد قریشی، فاروق قریشی، اقبال اعوان اور کشمیری رضوان شامل تھے، نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے کہا کہ فیصل ممتاز راٹھور ایک نظریاتی، منجھے ہوئے اور کارکن دوست رہنما ہیں، جن کی قیادت میں آزاد کشمیر میں خوشحالی، شفافیت اور بہتر طرزِ حکمرانی کی نئی راہیں کھلیں گی۔تقریب کے اختتام پر کارکنان نے نئے متوقع وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی اور انہیں بھرپور عوامی حمایت کا یقین دلایا۔ پیپلز پارٹی سٹی مظفرآباد کے رہنماؤں نے کہا کہ فیصل ممتاز راٹھور کی نامزدگی آزاد کشمیر میں آئندہ سیاسی منظرنامے کا اہم رخ متعین کرے گی، اور کارکنان اس تاریخی فیصلے پر انتہائی خوش اور پُرجوش ہیں۔

Related Articles

Back to top button