گلگت بلتستان

GB میں ون ہیلتھ فریم ورک کے نفاذکے حوالے سے اجلاس

اجلاس کے دوران گلگت بلتستان میں ون ہیلتھ کے ادارہ جاتی ڈھانچے کی تشکیل اور اس کے موثر نفاذ کے لیے اب تک کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

گلگت(پ،ر)ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان مشتاق احمد کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں ون ہیلتھ فریم ورک کے نفاذ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا،جس کا مقصد وبائی امراض کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر منظور شدہ ون ہیلتھ اپروچ کو موثر انداز میں نافذ کرنا اور وبائی فنڈ، گرانٹ کے تحت گلگت بلتستان میں درکار اقدامات کو مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ آگے بڑھانا تھا۔اجلاس میں عالمی ادارہ صحت، ایف اے او، ایشیائی ترقیاتی بینک، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اور وزارت قومی صحت کے ماہرین شریک تھے،جنھوں نے پاکستان کے لیے منظور شدہ وبائی فنڈ، گرانٹ اور ون ہیلتھ فریم ورک کے نفاذ کے عملی مراحل پر بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران گلگت بلتستان میں ون ہیلتھ کے ادارہ جاتی ڈھانچے کی تشکیل اور اس کے موثر نفاذ کے لیے اب تک کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس ضمن میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں ون ہیلتھ کے لیے مضبوط گورننس اسٹرکچر ناگزیر ہے، تاکہ شعبہ انسانی صحت، لائیوسٹاک، ماحولیات اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط تعاون کو یقینی بنایا جاسکے۔اجلاس میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ صوبائی ون ہیلتھ اسٹیئرنگ کمیٹی، ٹیکنیکل ورکنگ گروپ اور ضلعی ون ہیلتھ یونٹس پہلے ہی تشکیل دیے جاچکے ہیں جن کی ذمہ داریاں اور قواعد و ضوابط باقاعدہ طور پر نوٹیفائی کر دیے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ گلگت بلتستان کی نمائندگی کے لیے ایک فوکل پرسن کو وفاقی سطح پر قائم ون ہیلتھ جوائنٹ ٹیکنیکل کمیٹی میں نامزد کر دیا گیا ہے، جو گلگت بلتستان کی سفارشات، ضروریات اور پیشرفت کو قومی سطح پر پیش کرے گا۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے ہدایات جاری کیں کہ تمام محکمے ون ہیلتھ فریم ورک کے تحت تفویض کردہ ذمہ داریوں پر مکمل سنجیدگی سے عمل درآمد کریں اور آئندہ صوبائی و قومی سطح پر ہونے والی میٹنگز کی تیاری کے لیے اپنے اپنے محکموں کی پیش رفت رپورٹ جلد مکمل کریں۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ حکومت گلگت بلتستان علاقائی اور قومی سطح پر وبائی امراض کے خطرات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت ون ہیلتھ اپروچ کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرے گی۔واضح رہے کہ ون ہیلتھ اپروچ ایک عالمی طور پر تسلیم شدہ کثیر شعبہ جاتی حکمت عملی ہے جو انسانوں، جانوروں اور ماحولیاتی صحت کو ایک دوسرے سے جڑا ہوا تصور کرتی ہے۔ یہ طریقہ کار خاص طور پر ایسے امراض جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں اور اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس جیسے سنگین چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر سمجھا جاتا ہے۔

Related Articles

Back to top button