جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی جہلم ویلی کا اہم اور فیصلہ کن اجلاس

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی جہلم ویلی کا اہم اور فیصلہ کن اجلاس زیر صدارت عوامی ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر کے کور ممبر سید فیصل گیلانی منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع بھر سے سماجی و سیاسی کارکنان، کمیٹی ممبران اور مختلف علاقوں کے وفود نے بھرپور شرکت کی، اجلاس میں ضلع جہلم ویلی کے عوامی مسائل، تنظیم کے ڈھانچے کی مضبوطی، آئندہ کی حکمتِ عملی اور مقامی سطح پر رابطہ کاری کے نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،طویل مشاورت کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی ضلع جہلم ویلی کی باقاعدہ کور ممبرز باڈی تشکیل دے دی گئی جس کے اراکین میں اویس خان، راجہ عبدالقدیر خان، راجہ ظہیر الدین خان، عابد علی اعوان، عبدالوحید کیانی، راجہ سلیمان خان، عبدالرؤف خان، سفیر عباسی، تیمور بیگ، سید مشرف گیلانی، حاجی اسحاق عباسی، عامر اعوان انقلابی، راجہ شہزاد، وقار انجم یوسفزئی، راجہ صدام حسین،راجہ منیب خان، ایڈوکیٹ ادریس مغل اور جاوید چوہان شامل ہیں،تنظیمی ڈھانچہ سازی کے اہم فیصلے بھی ہوئے جس میں آئندہ کیلئے تنظیمی ڈھانچہ سازی کا واضح خاکہ پیش کیا گیا، جس کے مطابق:ضلع سطح پر مکمل مرکزی باڈی قائم کی جائے گی جو تمام تنظیمی سرگرمیوں کی نگران ہوگی،تحصیل سطح پر علیحدہ تحصیل باڈیز تشکیل دی جائیں گی،ہر تحصیل کے تحت یونین کونسل کمیٹیاں بنائی جائیں گی،وارڈ سطح تک تنظیم سازی کی جائے گی تاکہ عوامی مسائل گراس روٹ لیول پر اجاگر اور حل کیے جا سکیں،اجلاس کا بنیادی مقصد تنظیم کو ادارہ جاتی شکل دینا، عوامی مسائل کے حل کیلئے مربوط حکمت عملی مرتب کرنا اور عوامی حقوق کے لیے موثر آواز بن کر سامنے آنا تھا،شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی جہلم ویلی میں عوامی مفاد، انصاف، ترقی اور بنیادی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد مزید منظم انداز میں جاری رکھے گی۔




