موجودہ حکومت تحریک آزادی کشمیرکیلئے لائف لائن ہے‘ شوکت جاوید میر

مظفرآباد (محاسب نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیرنے وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں قائم عوامی حکومت کی دور اندیش پالیسیوں کو نظریہ استحکام پاکستان، پاکستانیت کے فروغ، قومی تشخص، ریاستی وقار، تحریک آزادی کشمیر کو حقیقی انداز میں اُجاگر کرنے کیلئے لائف لائن کا کردار ادا کر رہی ہے، وفاقی حکومت سے نظریاتی اختلافات کے باوجود آئین، قانون کی پاسداری کرتے ہوئے جمہوری تقاضوں کے مطابق بہترین ورکنگ ریلیشن شپ مضبوط کرتے ہوئے اربوں روپے کے منصوبہ جات کا حصول فیصل ممتاز راٹھور کا تاریخی کارنامہ ہے، ان خیالات کا اظہار پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات، ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر نے گزشتہ روز میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز حافظ سید عاصم منیر کا دورہ آزاد کشمیر سے بھارتی ایوانوں میں صف ماتم بچھ گئی ہے، اور کشمیری عوام کاعزم کوہ ہمالیہ جیسی قوت میں تبدیل ہوا ہے، وزیراعظم پاکستان نے فراخدلانہ فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کر کے سیاسی مخالفین کے منہ بند کر دیئے ہیں، چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ دوٹوک، غیر مبہم موقف اختیار کرتے ہوئے 3 توکیا 10 جنگیں لڑنے کا اعلان کیا، وہ قوم کی فکری رہنمائی کیلئے تاریخ کا درخشندہ باب بن چکا ہے، انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر پاکستان آصف علی زرداری، چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور، سیاسی اُمور کے انچارج چوہدری ریاض، وزیراعظم ممتاز راٹھور، پارٹی صدر چوہدری محمد یاسین، سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں پیپلزپارٹی اپنی کارکردگی، عوامی خوشحالی کے منصوبوں، شراکت اقتدار میں عوامی حاکمیت کے تصور کی منصوبہ بندی کی بناء پر آئندہ عام انتخابات میں شاندار فتح حاصل کر کے دوبارہ حکومت سازی کرے گی، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف، جماعت اسلامی سمیت تمام جمہوری قوتیں ہمارے لیے قابل احترام ہیں، اور سب کے اپنے اپنے منشور ہیں، تاہم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کا عوام دوست،روشن خیال، ترقی پسند فلسفہ سیاست اور جداگانہ منشور صحت، تعلیم، روزگار، انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے پیپلزپارٹی کی خدمات کے معترف ان کے بدترین سیاسی حریف بھی ہیں، تین میڈیکل کالج، ویمن یونیورسٹی، کیڈٹ کالج، تعلیمی پیکیج کے ذریعے 300اداروں کے اپ گریڈیشن اور قیام، 200 کے لگ بھگ صحت کے مراکز، سیکڑوں کلو میٹر سڑکیں، پانی کی فراہمی کیلئے واٹر سپلائی سکیموں کی تعمیر آج بھی اس کی کارکردگی کی گواہی دے رہی ہیں، شوکت جاوید نے کہا کہ آزادکشمیر میں اگرچہ جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات میں اکثریت پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے، تاہم مہاجرین نشستوں کا خاتمہ اتنا آسان نہیں، کیوں کہ اگر پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومتیں اتفاق رائے کر بھی لیں تو موجودہ اسمبلی کے پاس آئینی ترمیم کیلئے دو تہائی اکثریت موجود نہیں ہے، جس کی وجہ سے نیا پنڈورہ باکس کھل سکتا ہے، صدر ریاست کا انتخاب پانچ سال کیلئے ہوتا ہے، پیپلزپارٹی کی قیادت اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر وسیع تر قومی مفادات کے پیش نظر فیصلے کرے گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت نے تعلیمی پیکیج کی منظوری اور اس کے نفاذ کیلئے 7 ارب روپے مختص کر رکھے ہیں،اسی ماہ کے اختتام پر تعلیمی پیکیج کے نفاذ سے آزاد خطہ عملاً ایجوکیشنل سٹیٹ میں تبدیل ہو جائے گا، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے رشوت، سفارش،میرٹ کی پامالی،برداشت کرنے کی ذرا برابر کی نرمی اختیارنہیں کرتے، گڈ گورننس،وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کے حقوق ان کی دہلیز پر فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، 6ماہ کی حکومت ایسے میگا پراجیکٹ شروع کرنے جا رہی ہے جو تعمیر و ترقی کیلئے ہمیشہ یاد گار اور وزیراعظم کی عوام دوستی، محنت، لگن، خدمت کے جذبے کو تاریخ میں اَمر کردے گی، پیپلزپارٹی کے وزراء دن رات محنت کرتے ہوئے اپنے اپنے انتخابی حلقوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے کامیابی سے محوسفر ہیں، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پر عوامی اعتماد کا مظہر پنجکوٹ وزیر صحت سید باذل علی نقوی کی میزبانی میں ہونے والا لچھراٹ کا جلسہ اور اس سے قبل تاریخ ساز عوامی اجتماعات مہر تصدیق ثبت کرتے ہیں۔




