چوہدری مجید کی عوام خدمت، کام ہمیشہ زندہ رہیں گے‘مقصود طاہر

اسلام گڑھ (نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما راجہ ارسلان طارق، سیاسی و سماجی رہنما سابق بینک منیجر مقصوداحمد طاہر نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید آزاد کشمیر کی تاریخ میں ترقی، خوشحالی، عوامی خدمت اور جدید تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ ان کی خدمات کو آزاد کشمیر کا کوئی بھی باشعور شہری کبھی بھول نہیں سکتا۔ چودھری عبدالمجید نے اپنے دور وزارت عظمیٰ میں جو ترقیاتی منصوبے شروع کیے، ان کی وجہ سے آزاد کشمیر کے عوام آج مستفید ہو رہے ہیں، خاص طور پر تعلیم، صحت، مواصلات اور روزگار کے شعبوں میں ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیراعظم کی تیمارداری کے دوران کیا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء نے کہا کہ پورے آزاد کشمیر میں بڑے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے اور نئے تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھنے میں چودھری مجید کا نام ہمیشہ پکارا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ چودھری عبدالمجید کی صحت کی خرابی کی خبریں سن کر پورا آزاد کشمیر غمزدہ ہے۔ آزاد کشمیر کے کونے کونے سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں جلد از جلد مکمل صحت و تندرستی عطا فرمائے اور وہ ایک بار پھر اپنی قوم کی خدمت کے لیے میدان میں آئیں۔انہوں نے کہا کہ چودھری عبدالمجید نہ صرف ایک بہترین سیاستدان اور منتظم تھے بلکہ ایک نیک دل انسان بھی ہیں جو ہر سکھ دکھ میں عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔ ان کی بیماری نے سب کو یہ احساس دلایا ہے کہ ہمارے قومی قائدین کتنے قیمتی ہیں۔ اس موقع پر موجود پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی چودھری عبدالمجید کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انشائاللہ وہ بہت جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ عوام کی خدمت کریں گے۔




