سانحہ اے پی ایس کو 11سال مکمل‘ برسی عقیدت واحترام سے منائی گئی‘ شہداء کو۔ خراج پیش

اسلام آباد(صباح نیوز)سانحہ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) پشاور کو 11 سال مکمل ہوگئے، 2014ء میں آج ہی کے روز سفاک دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا تھا۔ 16 دسمبر 2014ء کو سفاک دہشتگردوں آرمی پبلک سکول پشاور میں معصوم طلبہ پر حملہ کرکے 132 بچوں، خواتین اساتذہ اور سٹاف سمیت 147 افراد کو شہید کر دیا تھا، سانحہ اے پی ایس کا درد ہر والدین اور پوری قوم کا درد ہے، یہ ایک ایسا سانحہ ہے جس نے نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ دہشت گردوں کو افغانستان میں ٹریننگ دی گئی تھی، جو کہ آتشیں ہتھیار بھی افغانستان سے لے کر آئے تھے، 16 دسمبر 2014ء کو سفاک دہشت گرد صبح 11 بجے سکول میں داخل ہوئے اور معصوم بچوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، خوارج نے بچوں کو چن چن کر قتل کیا۔ تھوڑی ہی دیر میں پاک فوج کے جوان سکول پہنچے اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام حملہ آوروں کو جہنم واصل کر دیا، اس کرب ناک دن کے اختتام پر پشاور کی ہر گلی سے جنازہ اٹھا، ڈیڑھ سو کے قریب شہادتوں نے پھولوں کے شہر کو آہوں اور سسکیوں میں ڈبو دیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ودیگر نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کو 11ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا،قومی سیاسی قیادت کا کہنا تھاکہ سانحہ اے پی ایس پاکستان کی تاریخ کا ایک دلخراش اور ناقابلِ فراموش واقعہ ہے،اے پی ایس کے شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد اور عزم کی علامت ہیں، سانحہ اے پی ایس نے پوری قوم کو انتہاپسندی کے خلاف متحد کیا، شہداء کے لواحقین کا صبر و استقامت پوری قوم کے لیے باعثِ حوصلہ ہے۔



