مظفرآباد

سردی سے بچاؤ‘سکول کے بچے کسی بھی رنگ کا کوٹ‘سویٹر استعمال کر سکتے ہیں

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی)محکمہ تعلیم سکولز آزاد کشمیر کا قابلِ تحسین اقدام،سردی کی شدت سے محفوظ رہنے کے لیے طلباء کسی بھی رنگ کے گرم کوٹ جیکٹ استعمال کر سکتے ہیں۔سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر محکمہ تعلیم سکولز آزاد کشمیر نے طلبہ و طالبات کے مفاد میں ایک قابلِ تحسین فیصلہ کرتے ہوئے دستورالعمل کے تحت طے شدہ اسکول یونیفارم میں 28 فروری 2026 تک نرمی کی اجازت دے دی ہے۔جاری ہدایات کے مطابق طلبہ و طالبات کو موسمِ سرما کے تقاضوں کے مطابق مناسب اور گرم لباس پہننے کی اجازت ہوگی۔ اس میں کسی بھی قسم کی جرسی، بلیزر، سویٹر، کوٹ، جیکٹ، کیپ، جرابیں اور گرم جوتے شامل ہوں گے، تاکہ بچوں کو شدید سردی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے اور ان کی صحت متاثر نہ ہو۔محکمہ تعلیم کے اس بروقت اور انسان دوست اقدام کو والدین، اساتذہ اور عوامی حلقوں کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ طلبہ کی صحت، حاضری اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے نہایت اہم ہے، جو ایک ذمہ دارانہ اور فلاحی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

Related Articles

Back to top button