ہلال احمر نے مسیحی برادری کے 70خاندانوں کی خواتین میں کٹس تقسیم کیں

مظفرآباد (محاسب نیوز)ہلال احمر پاکستان کی جانب سے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے 70خاندانوں کی خواتین میں Dignity Kits تقسیم کی گئیں۔ ہلال احمر پاکستان رنگ، نسل، مذہب، ذات کو بالائے طاق رکھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ سیکرٹری ہلال احمر گلزار فاطمہ مظفرآباد میں ہلال احمر آزادکشمیر کے زیر اہتمام کرسمس کے موقع پر تقریب کا انعقاد۔ منعقدہ تقریب میں سیکرٹری ہلال احمر محترمہ گلزار فاطمہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محترمہ گلزار فاطمہ کا کہنا تھا کہ ہلال احمر انسانیت کی خدمت کیلئے ہمیشہ کوشاں ہے اور ہلال احمر، مذہب، رنگ، نسل اور ذات پات سے بالا تر ہو کر انسانیت کی خدمت کرتی ہے۔ کرسمس کی خوشیوں میں ہلال احمر پاکستان اپنے مسیحی بھائیوں کے شانہ بشانہ شریک ہے اور آئندہ بھی اس مشن کو جاری رکھا جائے گا۔تقریب میں مسیحی برادری کے بشپ فیضان، ایلڈر ریاست مسیح اور خواتین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گلزار فاطمہ کا کہنا تھا کہ آج اس مقدس دن کے موقع پر میں دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کرسمس کا تہوار ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے، باہمی احترام کو فروغ دینے اور اختلافات سے بالا تر ہو کر ایک دوسرے کے قریب آنے کا پیغام دیتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مسیحی برادری تعلیم، صحت، سماجی خدمت ودیگر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کر رہی ہے۔اس موقع پر ہلال احمر آزادکشمیر کی جانب سے ذہنی صحت، صحت وصفائی اور خواتین کے مسائل کے حوالے سے سیشن کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں مسیحی برادی کی بزرگ و نوجوان خواتین سمیت بچیوں نے بھی شرکت کی۔ سیشن کا مقصد خواتین کا صحت و صفائی، روزمرہ زندگی میں پیش آنے والے ذہنی مسائل سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ یاد رہے کہ ہلال احمر کے پروگرام جینڈر، انکلویژن، اور پروٹیکشن کے تحت خواتین میں 70سے زائد Dignity Kits بھی تقسیم کی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاست مسیح کا کہنا تھا کہ ہم ہلال احمر کے مشکور ہیں جو مختلف موقعوں پر ہماری خوشیوں میں شریک ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف تربیتوں کے مواقع بھی فراہم کررہے ہیں۔



