مظفرآباد

کھوئی رٹہ پریس کلب میں جشن مولود کعبہ کی پرنور محفل کا انعقاد

کھوئی رٹہ (ملک محمد حنیف اعوان) کھوئی رٹہ پریس کلب میں جشنِ مولودِ کعبہ کے پُرنور اور بابرکت موقع پر پروگرام السادات کے زیرِ اہتمام ایک پروقار اور روحانی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مولودِ کعبہ حضرت علیؓ کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا جبکہ آپؓ کی سیرتِ طیبہ، فضائل، شجاعت، عدل و انصاف، تقویٰ اور محبتِ اہلِ بیتؑ پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علیؓ کی زندگی حق و صداقت، مظلوموں کی حمایت، انسانی مساوات اور عدلِ اجتماعی کا کامل نمونہ ہے۔ اہلِ بیتِ اطہارؑ سے محبت ایمان کی روح ہے اور سیرتِ علویؓ ہمیں صبر، برداشت، رواداری اور باہمی احترام کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج کا معاشرہ تعلیماتِ علیؓ کو اپنائے تو نفرت، تعصب اور ناانصافی کا خاتمہ ممکن ہے اور ایک پُرامن، منصفانہ اور بااخلاق معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے۔تقریب میں کھوئی رٹہ پریس کلب کے ممبران کے علاوہ سیاسی، سماجی، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کیک کاٹنے کے بعد محفل میں کھوئی رٹہ پریس کلب کے نو منتخب صدر غلام محمود جرال کو صدر منتخب ہونے پر شرکاء کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔اسی موقع پر کھوئی رٹہ پریس کلب کے تمام نو منتخب عہدیداران کو بھی مبارکباد دی گئی جن میں نائب صدر واصف علی واصف، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملک محمد حنیف اعوان، سیکرٹری مالیات سردار ندیم تبسم اور سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد جاوید شامل ہیں۔ مقررین اور شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب ٹیم اپنی دیانت، بصیرت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے صحافتی اقدار، آزادی? صحافت اور صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔مبارکباد دینے والوں میں سید سبط حسین شاہ، سید افتخار حسین شاہ، سید رئیس عباس، سید ارشد بخاری، سید مظہر حسین بخاری ایڈووکیٹ، سید افتخار مہدی، سردار عبدالمجید، عامر خان، حافظ عاصم، سید عقیل حیدر، سید غلام عباس، مولانا محسن نقوی، سید ذیشان حیدر، سید جواد حسین شاہ، سید کاشف بخاری ایڈووکیٹ اور سید عاطف حسین شاہ شامل تھے۔ آخر میں اجتماعی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ملک و قوم کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے، اہلِ بیتؑ کی محبت ہمارے دلوں میں راسخ رکھے، امتِ مسلمہ کو اتحاد و یگانگت نصیب ہو اور کھوئی رٹہ پریس کلب کو حق گوئی، اخلاقی صحافت اور عوامی خدمت کے سفر میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔ آمین

Related Articles

Back to top button