مظفرآباد

شاریاں وریشیاں میں موبائل وانٹرنیٹ سروس ناپید، ٹاور تنصیب کامطالبہ

شاریاں (نمائندہ خصوصی)شاریاں سائیں باغ اور ریشیاں وملحقہ علاقوں میں موبائل و انٹرنیٹ سروس کی عدم دستیابی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے، عمائدین علاقہ نے نئے ٹاورز کی تنصیب کے لیے فوری سروے کا مطالبہ کیاہ ے۔ جہلم ویلی کے نواحی علاقے شاریاں سائیں باغ اور ریشیاں ودیگر ملحقہ علاقوں کے مکین جدید دور میں بھی بنیادی مواصلاتی سہولیات سے محروم موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی عدم دستیابی کے باعث علاقے کے عوام، بالخصوص طلبہ، صحافی، کاروباری حضرات اور بیرونِ ملک مقیم افراد سے رابطے رکھنے والے خاندان شدید مشکلات کا شکار ہیں علاقہ مکینوں خواجہ محمد اسماعیل، راجہ یاسر خان،قاضی عزیز احمد،خواجہ شبیر احمد پیر زادہ،خواجہ امتیاز احمد،قاضی ممتازاحمد، چوہدری محمد صادق،خواجہ منظور احمد، قاضی عبد اللطیف، ودیگر کا کہنا ہے کہ شاریاں سائیں باغ میں موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، آن لائن تعلیم تک رسائی ممکن نہیں رہی، جبکہ صحافتی اور کاروباری امور بھی بری طرح متاثر ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے جدید دور میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بنیادی ضرورت بن چکی ہے، لیکن بدقسمتی سے یہ علاقہ اب بھی مواصلاتی سہولیات سے محروم ہے۔مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی محترمہ بنش جرال، سیکٹر کمانڈر ایس سی او مظفرآباد اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعلیٰ حکام اور چیف سیکرٹری سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شاریاں سائیں باغ کو فوری طور پر نئے موبائل ٹاورز کی تنصیب کے لیے سروے میں شامل کیا جائے اور اس دیرینہ مسئلے کا فی الفور نوٹس لیا جائے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ مطالبہ گزشتہ کئی برسوں سے کیا جا رہا ہے، تاہم تاحال کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس سنگین مسئلے کو مزید نظر انداز کیا گیا تو علاقے کی معاشی، تعلیمی اور سماجی ترقی بری طرح متاثر ہوتی رہے گی۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری عملی اقدامات کریں گے، تاکہ شاریاں سائیں باغ کے عوام بھی دیگر علاقوں کی طرح جدید مواصلاتی سہولیات سے مستفید ہو سکیں اور علاقے کو ترقی کے دھارے میں شامل کیا جا سکے۔

Related Articles

Back to top button