مظفرآباد

محکمے کی ترقی‘ صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں گے‘سیکرٹری اطلاعات

مظفرآباد(پی آئی ڈی)ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس کے اعزاز میں اے پی پی کے بیوروچیف سینئر صحافی فاروق مغل کی جانب سے ان کی ریٹائرمنٹ پر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض میزبان تقریب سینئر صحافی فاروق مغل نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے کہا کہ ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس کے اعزاز میں تقریب اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ موصوف کے صحافی برادری کے ساتھ مثالی تعلقات رہے ہیں، صحافت مقدس پیشہ ہے اور صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں، معاشرے کی اصلاح کیلئے مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید کرتا ہوں صحافی حکومت کے اچھے کاموں کو عوام تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ محکمہ اطلاعات حکومت کا چہرہ ہے، محکمے کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ سروس کا حصہ ہے آفیسر موصوف اس حوالے سے خو ش قسمت ہیں کہ وہ اپنی کامیاب سروس مکمل کر کے ریٹائر ہو رہے ہیں، موصوف انتہائی وضع دار، خوشگفتار اور نفیس آفیسر ہیں جنہوں نے صحافی برادری کے ساتھ مثالی تعلقات قائم کرتے ہوئے حکومت کی نیک نامی کیلئے بہترین کام کیا۔ آج اس موقع پر ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں ان کو آنے والی زندگی میں کامیابی عطا فرمائے، تقریب کے مہمان خصوصی ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس نے کہا کہ محکمہ تعلقات عامہ محض خبر رسانی کا ادارہ نہیں اس کا بنیادی کام حکومت، صحافی برادری اور عوام میں پل کا کردار ادا کرنا ہے، محکمے کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے میرٹ پر بے خوف وبے لوث ہو کر کام کیا ہے،ڈائریکٹر تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس نے اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر اے پی پی کے بیوروچیف فاروق مغل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلیمیں اللہ تعالی کا انتہائی ممنون و مشکور ہوں کہ جنہوں نے کامیاب سروس کو باوقار انداز میں مکمل کرنے کی توفیق دی۔ میں سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف کا انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر تقریب کو رونق بخشی، انہوں نے کہا کہ بھمبر سے لے کر تاوبٹ تک صحافتی صنعت سے وابستہ تمام افراد کا بھی شکر گزار ہوں جن کا تعاون ہمیشہ میرے ساتھ رہا، آج اس موقع پر میں اپنی پوری ٹیم آفیسران سے لے نائب قاصد تک سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہر نشیب و فراز میں بطور ٹیم مجھے کامیاب بنایا۔ ریٹائرمنٹ سروس کا حصہ ہے زندگی کا ایک باب بند ہوتا ہے تو دوسرا کھل جاتا ہے، میرا آپ سب سے تعلق آج ختم نہیں ہوا انشاء اللہ احترام کا یہ رشتہ تا دم زندگی قائم رہے گا۔ میں صحافتی صنعت سے وابستہ تمام افراد کا ممنون ہوں جن کا ہمیشہ میرے ساتھ غیر مشروط تعاون رہا ہے، تقریب سے ناظم تعلقات عامہ محمد بشیر مرزا نے ڈائریکٹر تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس کے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر اے پی پی کے بیوروچیف فاروق مغل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ناظم ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس کی سربراہی میں ہم سب نے بطور ٹیم حکومت کی نیک نامی، محکمہ کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کیا انشائاللہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے، اس موقع پر میں برملا یہ اظہار کرتا ہوں کہ صحافی برادری کا ہمیشہ محکمہ اطلاعات کے ساتھ مثالی تعلقات رہے ہیں۔ وائس چئیرمین پریس فاونڈیشن سردار ذوالفقار، سابق صدور پریس کلب سید آفاق حسین شاہ، طارق نقاش، سہیل مغل، سینئر صحافی اسلم میر اور جاوید اقبال ہاشمی نے ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس کو شاندار سروس کی تکمیل پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بطور ڈائریکٹر موصوف نے مشکل ترین حالات میں محکمہ اطلاعات کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا بہترین کردار ادا کیا۔بے خوف ہو کر اپنی سروس کی، ہمیشہ میرٹ پر کام کئے اور صحافتی صنعت کی بہتری کیلئے اقدامات کئے، محکمہ اطلاعات کے آفیسران محدود وسائل کے ساتھ بہترین کام کر رہے ہیں، ہم امید کرتے ہیں جو روایات محکمہ اطلاعات کے پیش رو سربراہان نے قائم کی ہیں آنے والے بھی انہیں قائم رکھتے ہوئے محکمے کو جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ مقررین نے کہا کہ محکمہ اطلاعات اور صحافتی صنعت لازم و ملزوم ہیں ہم سب کو ایک دوسرے کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، محکمہ اطلاعات حکومت کا چہرہ ہے جس کی افادیت و اہمیت وقت کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے بدقسمتی سے حکومتوں نے اس کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے حکومت کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ تقریب میں محکمہ اطلاعات کے آفیسران راجہ محمد سہیل خان، سید آصف حسین نقوی، محمد حنیف خواجہ، خضر حیات، راجہ عبدالباسط خان، شمیم انجم عزیز و دیگر نے بھی شرکت کی۔

Related Articles

Back to top button