مظفرآباد

بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف بڑا آپریشن، 108 دہشت گرد ہلاک، 10 اہلکار شہید

کوئٹہ (صباح نیوز) بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا بھرپور آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح سے گوادر اور گرد و نواح میں جاری کارروائیوں کے دوران مزید 67 دہشت گردوں کوہلاک کر دیا گیا ہے، جس کے بعد بلوچستان میں گزشتہ دو دنوں کے دوران مارے جانے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 108 ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل پنجگور اور شعبان کے علاقوں میں گزشتہ دو دن کے دوران 41 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔ دہشت گردی کے خلاف ان کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے 10 بہادر جوان وطن کے دفاع میں شہادت کا رتبہ پا چکے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف مزید تعاقبی آپریشنز جاری ہیں، جن میں مزید ہلاکتوں اور دہشت گردوں کے بھاری نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ دوسری جانب گوادر میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے بھارتی پراکسی دہشت گردوں کی جانب سے نہتے بلوچ مزدور خاندانوں پر ہونے والی دہشت گردی نے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے 11 معصوم اور غریب بلوچ شہریوں کو بے دردی سے شہید کر دیا، جن میں 5 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ تمام شہداء کا تعلق بلوچستان سے تھا اور وہ محنت مزدوری کے لیے گوادر آئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اس گھناؤنے واقعے میں ملوث تمام دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران  ہلاک کر دیا ہے۔ واقعے کے بعد گوادر اور ملحقہ علاقوں میں عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے گرد و نواح کے علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے ممکنہ ٹھکانوں کے خلاف سرچ اور کلیئرنس آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ معصوم اور غریب مزدوروں کو نشانہ بنانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فتنہ الہندوستان بھارتی ایماء پر بلوچستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے

Related Articles

Back to top button