سکیورٹی فورسز نے مزید 22 دہشت گردوہلاک کردئے‘تعداد 177 ہوگئی

کوئٹہ (صباح نیوز) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے مزید 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تین دن میں 177 دہشت گرد مارے گئے۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری ہیں، گزشتہ رات پیچھا کرتے ہوئے مزید 22 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ گزشتہ 3 روز کے دوران کئے جانے والے آپریشنز میں کم سے کم کل ملا کر 177 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز بشمول انٹیلی جنس ایجنسیز اور پولیس مختلف جگہوں پردہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف مزید گھیرا تنگ کر رہی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مزید نقصانات اور ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ واضح رہے کہ دو روز قبل کوئٹہ، گوادر، پنجگور، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، تمپ اور پسنی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا تھا۔




