بیوہ خاتون بیٹی کو انصاف دلوانے کیلئے مرکزی ایوانِ صحافت پہنچ گئیں

مظفرآباد (محاسب نیوز)تحصیل پٹہکہ کونکاں کی رہائشی متاثرہ خاتون بیوہ کنیز بی بی اپنی بیٹی کو انصاف دلوانے کے لیے مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے سائلین ڈیسک پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے ساتھ پیش آنے والے سنگین واقعات اور مبینہ ظلم و تشدد کی تفصیلات بیان کیں۔متاثرہ خاتون کنیز بی بی نے بتایا کہ ارشد ولد میر زمان، بشارت ولد عبدالرحمن اور نصیر ولد عبدالرحمن مبینہ طور پر ان کی زمین پر ناجائز قبضہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی کی شادی مذکورہ افراد کے بھائی اشتیاق ولد میر زمان کے ساتھ ہوئی ہے، تاہم شادی کے بعد سے ہی ان کی بیٹی اور داماد کو شدید دباؤ، ہراسانی اور مسلسل ظلم و تشدد کا سامنا ہے۔خاتون کے مطابق گزشتہ روز مبینہ طور پر ان افراد نے پولیس کے ذریعے ان کی بیٹی پر تشدد کروایا، جس دوران ان کی بیٹی کو رولر اور لاتوں سے بری طرح مارا پیٹا گیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔ متاثرہ خاتون نے کہا کہ ان کی بیٹی اس وقت شدید ذہنی اور جسمانی اذیت میں مبتلا ہے اور انہیں اپنی بیٹی کی جان کو بھی خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ افراد ان پر زمین اپنے نام منتقل کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں اور انکار کی صورت میں ان کی بیٹی اور داماد کو مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔متاثرہ خاتون نے واضح طور پر کہا کہ اگر ان کی بیٹی کو آئندہ کوئی جانی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار یہی افراد ہوں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر، انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر، متعلقہ ڈی ایس پی، ایس پی اور دیگر اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان کی بیٹی اور داماد کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے انہیں انصاف مہیا کیا جائے۔



