مظفرآباد

گرلز ہائی سکول دہمنی بیگالہ میں سالانہ پروقار تقریب کا انعقاد

راولاکوٹ (نمائندہ خصوصی) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول دہمنی بیگالہ میں سالانہ امتحانی نتائج 2025ء کے سلسلہ میں ایک باوقار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کونسلر ثاقب سلیم تھے، جبکہ تقریب میں صدر معلم مقصود اصغر، بشارت، شبیراحمد، مولانا عاطف، ڈاکٹر قمرالزمان اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر طالبات کی جانب سے مختلف ٹیبلو، ملی نغمے اور اصلاحی و سبق آموز اسٹیج پلے پیش کیے گئے، جنہوں نے شرکاء سے خوب داد وصول کی اور تعلیمی و قومی شعور کو اجاگر کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی کونسلر ثاقب سلیم نے صدر معلمہ نازیہ ساغر کی قیادت میں سکول کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم کا بلند ہونا خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے اساتذہ کی محنت اور لگن کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی بچے کل قوم کا قیمتی سرمایہ اور ملک کا روشن مستقبل ہیں۔دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول دہمنی بیگالہ نے تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ اسی ادارے کی طالبہ زینش اعجاز نے میٹرک کے امتحانات میں 1080 نمبر حاصل کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر سرکاری سکولوں میں خلوصِ نیت اور محنت سے تدریس کی جائے تو نتائج خود اپنی گواہی دیتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ سکول کا تدریسی عملہ اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا حامل ہے اور صدر معلمہ نازیہ ساغر کی انتھک کوششوں کے باعث ادارے کا تعلیمی معیار مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے سکول کی کارکردگی کو ضلع بھر کے لیے ایک ماڈل قرار دیا۔آخر میں صدر معلمہ نازیہ ساغر نے مہمانانِ گرامی اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام علاقہ کے تعاون سے ادارہ ان شاء اللہ مزید ترقی اور کامیابی کی منازل طے کرے گا۔تقریب کے اختتام پر امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں شیلڈز اور میڈلز تقسیم کیے گئے، جبکہ مولانا عاطف بٹ نے اختتامی دعا کروائی۔

Related Articles

Back to top button