ر ریٹائرڈ ہیڈماسٹرز کو مثالی اور قابلِ قدر تعلیمی خدمات پر خراجِ تحسین

مظفرآباد (محاسب نیوز)آزاد کشمیر سکول ہیڈز ایسوسی ایشن مظفرآباد کے زیرِ اہتمام معروف تعلیمی شخصیات راجہ آصف اقبال، طاہر ایواب عباسی اور راجہ ظہیر الدین بابر کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں ضلع بھر کے سکول ہیڈز نے بھرپور شرکت کی اور ریٹائرڈ ہونے والے ہیڈماسٹرز کو ان کی طویل، مثالی اور قابلِ قدر تعلیمی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکول ہیڈز اور ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ ریٹائرڈ ہونے والے ہیڈماسٹرز نے اپنی عملی زندگی میں تدریس، نظم و ضبط اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں، جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار ادریس مرکزی صدر آزاد کشمیر سکول ہیڈز ایسوسی ایشن،راجہ آصف اقبال،سید نجف علی گردیزی سرپرست اعلیٰسکول ہیڈز ایسوسی ایشن،سردار منیر،راجہ ظہیر الدین بابر، سید لطیف حسین شا،طاہر ایوب عباسی،ماسٹر عبدلعزیز زخمی،غلام نبی بٹ،راجہ گلفراز،راجہ زبیر،چوہدری اقبال اختر،راجہ یاسر حسین و دیگر نے کہا کہ راجہ آصف اقبال، طاہر ایواب عباسی اور راجہ ظہیر الدین بابر نے نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ طلبہ کی اخلاقی تربیت اور اداروں کی بہتری کے لیے بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات نئی نسل کے اساتذہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔تقریب میں شریک سکول ہیڈز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ریٹائرڈ اساتذہ کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مقررین نے کہا کہ ایسے اساتذہ قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی علم کی شمع روشن کرنے میں صرف کی۔تقریب کے اختتام پر آزاد کشمیر سکول ہیڈز ایسوسی ایشن کی جانب سے ریٹائرڈ ہونے والے ہیڈماسٹرز کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ شرکاء نے ان کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ آخر میں اجتماعی دعا کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تعلیمی ترقی کے لیے اساتذہ کا کردار ہمیشہ کلیدی رہے گا۔



