فوڈ اتھارٹی میرپور کا فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

میرپور (بیورو رپورٹ)آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی میرپور کی ٹیم کا گزشتہ روزمنگلا بازار میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید عدنان نقوی کی سربراہی میں فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن،دوران معائنہ ملک شاپس، بیکرز، جنرل اسٹورز اور پکوڑا شاپس کی پڑتال عمل میں لائی گئی۔کارروائی کے دوران دودھ کے نمونے حاصل کیے گئے اور برموقع بذریعہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب تجزیہ کیا گیا، دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور غیر معیاری صفائی ستھرائی پر متعلقہ دکانداران کو جرمانے کیے گئے،جنرل اسٹورز و بیکرز پر اشیا خوردنوش کی ایکسپائری اور معیار کی بھی پڑتال عمل میں لائی گئی۔دوران پڑتال فوڈ بزنس آپرٹرز کو فوڈ ہینڈلنگ کی خلاف ورزی پر کل 30000 روپے جرمانے کیے اور دو فوڈ بزنس آپرٹرز کو اصلاحی نوٹس جاری کیے۔دوران پڑتال 10 لیٹر غیر معیاری تیل اور 15 کلوگرام دہی تلف کیا گیا۔بعد ازاں ٹیم فوڈ اتھارٹی نے ڈیری فارم کا بھی معائنہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں اس کارروائی میں فوڈ ٹیکنالوجسٹ شعیب خورشید واسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر شہریار خان نے ہمراہ معاون سٹاف حصہ لیا۔اس موقع پر ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ غیر معیاری اور گندے ماحول میں خوراک کی تیاری عوامی صحت کے لیے خطرناک ہے۔ فوڈ اتھارٹی صاف ستھری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ایسی کارروائیاں جاری رکھے گی۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی جگہ ناقص خوراک، گندگی یا ملاوٹ دیکھیں تو AJK فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن1280پر اطلاع دیں۔




