داخلی راستوں کی ناکہ بندی،اشیائے خوردونوش کی جانچ پڑتال کی جائے گی

مظفرآباد(محاسب نیوز) رمضان المبارک کے تناظر میں آزاد کشمیر کے داخلی راستوں پر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے نگرانی اور انسپکشن کا عمل مزید سخت کر دیا ہے۔ اسی سلسلے میں کوہالہ انٹری پوائنٹ پر ناکہ بندی کرتے ہوئے فوڈ سپلائی کرنے والی گاڑیوں کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔ کارروائی کے دوران غیر رجسٹرڈ اور بغیر لیبارٹری رپورٹس اشیائے خوردونوش برآمد ہونے پر موقع پر ہی ضبط کر لی گئیں۔ ضبط شدہ اشیاء میں جوسز، مصالحہ جات، اچار اور نوڈلز شامل ہیں۔اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر راجہ محمد حنیف اور فوڈ سیفٹی آفیسرز راجہ ضیاء جاوید، چوہدری کبیر احمد نے معاون عملہ کے ہمراہ گاڑیوں کی لیبلنگ، ایکسپائری ڈیٹس اور مجموعی معیار کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ متعلقہ ترسیل کنندگان سے فوڈ اتھارٹی کا اجازت نامہ اور مستند لیبارٹری رپورٹس طلب کی گئیں، تاہم وہ دستاویزات پیش نہ کر سکے، جس پر فوڈ اتھارٹی ایکٹ اور پیور فوڈ ریگولیشنز کے تحت اشیاء ضبط کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔اسی کارروائی کے تسلسل میں ٹیم نے کوہالہ اور چھترکلاس کے مختلف فوڈ پوائنٹس کی بھی چیکنگ کی۔ دورانِ معائنہ بعض مقامات پر صفائی کی صورتحال غیر تسلی بخش پائی گئی جبکہ چند کاروبار بغیر رجسٹریشن چلائے جا رہے تھے، جس پر فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے عائد کیے گئے اور بہتری کیلئے واضح ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر / فوڈ سیفٹی آفیسر ابرار احمد میر نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے نظام کو کڑی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔



