مظفرآباد

آزادیِ اظہار کو آئینی حدود کے اندر مکمل تحفظ دیا جائے گا‘ چوہدری لطیف اکبر

مظفرآباد (محاسب نیوز)صدر ریاست آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبر کی مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد آمد،نو منتخب انتظامیہ کو مبارک باد دی،نیک خواہشات کا اظہار،قبل ازیں مرکزی ایوان صحافت پہنچنے پرصدر ریاست کا استقبال کیا گیا۔صدر ریاست نے نو منتخب عہدیداران صدر سہیل مغل،نائب صدر شاہ ذیب افضل،جنرل سیکرٹری شہزاد اقبال لولابی،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل خورشید چوہدری،جوائنٹ سیکرٹری راجہ اکمل جاوید،سیکرٹری اطلاعات تصدق کاظمی کو ہار پہنائے۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادوں میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔مرکزی ایوان صحافت کے اراکین نے ہمیشہ قومی، ریاستی اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں مثالی جرات اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی ایوانِ صحافت ایک معتبر اور فعال ادارہ ہے جس نے مشکل حالات میں بھی سچائی اور حقائق کی ترجمانی کی روایت کو برقرار رکھا۔انہوں نے کہا کہ نو منتخب انتظامیہ صحافتی اقدار کے فروغ، پیشہ ورانہ معیار کی بہتری اور صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیمی اتحاد اور باہمی ہم آہنگی ہی کسی بھی ادارے کی اصل طاقت ہوتی ہے اور امید ہے کہ نئی ٹیم باہمی مشاورت سے ایوانِ صحافت کو مزید مضبوط اور فعال بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں صحافت کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا کے پھیلاؤ، جھوٹی خبروں اور غیر مصدقہ اطلاعات کے باعث ذمہ دار صحافت کی اہمیت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے۔ ایسے میں مرکزی ایوانِ صحافت جیسے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافتی اصولوں، ضابطہ اخلاق اور تحقیقاتی معیار کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ عوام تک درست اور مستند معلومات پہنچ سکیں۔صدرِ ریاست نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود، تحفظ اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور آزادیِ اظہار کو آئینی حدود کے اندر مکمل تحفظ دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا ایک مضبوط، باوقار اور آزاد صحافت ہی جمہوری نظام کی ضامن ہوتی ہے۔

Related Articles

Back to top button