ہرمستحق خاندان کو 13 ہزار روپے‘وزیراعظم نے 38 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کا اجرا کردیا

اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم شہباز شریف نے 38 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کا اجرا کردیا۔ اسلام آباد میں ریلیف پیکیج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رمضان کے بابرکت مہینے کی آمد آمد ہے، جس میں مسلمان دکھی انسانیت کے لیے اپنے وسائل تقسیم کرتے ہیں۔ رمضان ریلیف پیکج کے تحت ہر مستحق خاندان کو 13 ہزار روپے دیے جائیں گے۔شہباز شریف نے کہاکہ حکومت نے ماضی کے رمضان ریلیف فراہمی کے فرسودہ نظام کو ختم کردیا، جس سے اب شفافیت آئیگی۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جاتا تھا، جہاں اشیائے خورونوش کا نظام انتہائی ناقص تھا۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس بار 21 لاکھ سے زیادہ ایسے خاندانوں کو ادائیگی کی جائے گی جو کسی کفالت پروگرام کا حصہ نہیں۔ چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر میں شفاف طریقے سے یہ رقم تقسیم کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے سال بھی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مستحقین کو رقم تقسیم کی تھی، نئے نظام کو فنکشنل کرنے میں بے شمار چیلنجز درپیش تھے لیکن ہم اس میں کامیاب ہوئے۔




