مظفرآباد میں 17سستے رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں‘کمشنربدر منیر

مظفرآباد(پی آئی ڈی)ترجمان کمشنر مظفرآباد ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیزکے مطابق کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر نے رمضان سستا بازار چھتر چوک کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر نے کہا کہ ماہ صیام میں عوام الناس کو معیاری اور ارذاں انراخ پر اشیاء خورد و نوش کی فراہمی کے سلسلہ میں مظفرآباد ڈویژن میں کل 17 رمضان سستا بازار ہا کا قیام عمل میں لایا گیا۔ نیز ضلع مظفرآباد کو 06اور ضلع نیلم و جہلم ویلی کو تین تین زونز میں تقسیم کرتے ہوئے کل 12زونز کا قیام عمل میں لایا گیا اور موثر نگرانی و انتظامی و پرائس کنٹرول کے سلسلہ میں کل 25ڈیوٹی مجسٹریٹس کی مامورگیاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی مجسٹریٹس کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ اشیاء خورد ونوش کے انراخ اور کوالٹی چیکنگ کو روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنایا جائے۔ عوام الناس کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یا ضلعی دفتر کے لینڈ لائن / وٹس ایپ نمبر پر شکایت درج کروا سکتے ہیں۔



